یہ آپ کا گھرہے ،جب نئے گھر میں شفٹ ہوتے ہیں تو کہیں کوتاہیاں بھی ہوتیں ہیں‘ سپیکر پنجاب اسمبلی

ہم نے پنجاب اسمبلی کی کمیٹیوں کو قومی اسمبلی کی طرز پربا اختیار کیا ہے ‘ چوہدری پرویز الٰہی کا ایوان میں خطاب

پیر 14 جون 2021 22:01

یہ آپ کا گھرہے ،جب نئے گھر میں شفٹ ہوتے ہیں تو کہیں کوتاہیاں بھی ہوتیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں اجلاس منعقد ہونے پر تمام اراکین اسمبلی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کو اپنے گھر میں آنے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، یہ آپ کا گھرہے اور جب نئے گھر میں شفٹ ہوتے ہیں تو کہیں کوتاہیاں بھی ہوتیں ہیں۔ اس کے لیے میں نے حکومتی اور اپوزیشن لوبی میں اپنے اسمبلی کے سٹاف ساتھ سی اینڈ ڈبلیوکے محکمہ کو پابند کیا ہے جو آپ سے تجاویز لیتے رہیں گے اور آپ کی نشاندہی پرہم ساتھ ساتھ اس کو انشاء اللہ بہتر کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس اسمبلی کا کام ہم نے 16 جولائی 2005 کو شروع کروادیا تھا۔ بعد ازاں 17جولائی 2006 کو اس کا سنگ بنیاد رکھا گیا اور آج الحمداللہ 16 سال بعد آج ہم سب یہاں تشریف فر ما ہیں اور اس ہاؤ س میں یہ کہنا چاہوں گا کہ شاید ہم یہ مکمل نہ کر سکتے اگر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار صاحب کا ہمیں تعاون نہ ہوتا۔

(جاری ہے)

اس ہاؤ س اور ہاسٹلز کومکمل کرنے کے لیے بھی فنڈزدرکار تھے۔

اس کے لیے ہم نے وزیر اعلیٰ صاحب کو گزارش کی تو انہوں نے فوری طور پہ بغیر کسی تاخیر کے فنڈز فراہم کیے اور انشا ء اللہ جس طرح یہ مکمل ہوا ہے اسی طرح ہاسٹلز بھی اسی رفتار سے جلد مکمل ہوں گے۔ میں یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ تمام ممبران، حکومتی بنچز، لاء منسٹر، اپوزیشن اور رکن ا سمبلی حسن مرتضٰی کی کاوشوں سے ہم نے بہت سے تاریخی کام کیے جن کا میں یہاں ذکر کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔

ہم نے اسمبلی کے قواعد میں ضروری ترامیم کیں جس سے آج الحمد اللہ پنجاب اسمبلی دیگر اسمبلیوں کے برابر اسمبلی بن گئی ہے۔ جو اختیارات اور سٹیٹس سینٹ، نیشنل اسمبلی اور باقی تین صوبوں کی اسمبلیوں کا تھا الحمد اللہ آج یہ اسمبلی بھی ان کی اسمبلیوں کے برابر آگئی ہے۔ میں اس پر بھی آپ سب کو مبارک باد دیتا ہوں۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی کی کمیٹیوں کو قومی اسمبلی کی طرز پر با اختیارکرنے کے لیے جو کاوشیں کی گئیں وہ بھی آپ کی ہی مدد سے اور خصوصی طور پر لاء منسٹر کی مدد سے الحمد اللہ کامیاب ہو گئیں۔

پنجاب اسمبلی کی محکمانہ کمیٹوں کی تعداد میں 36سے 40تک اضافہ ہواہے۔خاص طور پر ہوتا یہ ہے کہ جب لاز بن جاتے ہیں تو بائی لا زنہ بننے کی وجہ سے عملدرآمدپربڑی محنت ہوتی ہے اور بڑی کمی رہ جاتی ہے۔ انشاء اللہ امید ہے کہ بائی لاز کے پر بھی کام شروع ہوجائے گا۔ بد قسمتی سے زیرِ حراست ارکان اسمبلی کو کمیٹی اجلاسوں میں شرکت کے لیے قواعد میں پروویژن نہیں تھی۔

ہم نے پروڈکشن آرڈرجاری کرنے کا اہتمام کیا۔ اس سے قبل باقی اسمبلیوں میں تو یہ پروویژنموجود تھی مگر پنجاب اسمبلی میں نہ تھی اس کا کریڈٹ آپ سب اور باالخصوص حکومتی بنچز کوجاتا ہے۔ پنجاب اسمبلی نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین کی سروس قوانین منظور کیے اور اس کے تحت قواعد بھی واضح کر دیئے ہیں یہ کریڈٹ بھی آپ کو جاتا ہے ۔