بھارت میں یورینیم اور ایٹمی مواد چوری ہونا شدید تشویش کا باعث ہے،ترجمان دفتر خارجہ

بھارت ایٹمی مواد کی سیکیورٹی بہتر بنائے، پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے ،ہماری پوزیشن واضح ہے، سعودی ولی عہد کا دورہ حتمی تاریخ طے ہونے کے بعد ہو گا،افغانستان میں امن کیلئے تشدد میں کمی ضروری ہے افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں، زاہد حفیظ چوہدری

جمعرات 17 جون 2021 17:08

بھارت میں یورینیم اور ایٹمی مواد چوری ہونا شدید تشویش کا باعث ہے،ترجمان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت میں یورینیم اور ایٹمی مواد چوری ہونا شدید تشویش کا باعث ہے،بھارت ایٹمی مواد کی سیکیورٹی بہتر بنائے، پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے ،ہماری پوزیشن واضح ہے، سعودی ولی عہد کا دورہ حتمی تاریخ طے ہونے کے بعد ہو گا،افغانستان میں امن کیلئے تشدد میں کمی ضروری ہے افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں۔

جمعرات کو صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارت میں یورینیم چوری بھارتی باشندوں کی طرف سے کیا گیا اور بھارتی پولیس نے پکڑا بھارت اس معاملہ میں پاکستان کو کیسے بدنام کر سکتا ہے بھارت اپنے ایٹمی مواد کی سیکیورٹی بہتر بنائے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے علاقائی و آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششوں پر تحفظات ہیں وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کو خطوط لکھ کر مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا ہے، ہم بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں مگر بھارت کے ساتھ تعلقات پر ہماری پوزیشن واضح ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ جی سیون جیسے منصوبے ترقی و تعاون کے فروغ کیلئے ہوں گے۔ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر پاکستان نے کامیابی سے عمل کیا ہے اور ان اقدامات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورے کی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلی سطح پر رابطے موجود ہیں ،فی الحال سعودی عرب کی طرف سے کوئی چینی ویکسین فہرست میں شامل نہیں کی گئی،متحدہ عرب امارات نے کویڈ کے باعث پاکستان سمیت مختلف ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی تھیں ہم نے اماراتی حکام کو پاکستان میں کرونا اعدادوشمار بھجوا کر ویزا پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔

زاہد حفیظ نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے تشدد میں کمی ضروری ہے ،افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں، پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔ترجمان نے کہاکہ 5 جون کو عالمی برادی کے ہمراہ پاکستان میں بھی عالمی یوم ماحولیات منایا گیا،پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے کہ جو اپنے جنگلات کی بحالی کے کیے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں،پاکستان کو انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی گورننگ باڈی کا رکن منتخب کر لیا گیا،پاکستان نے جمہوریہ کریبادی سے سفارتی تعلقات قائم کر لیے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ ہم جمہوریہ کریبادی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اسلامو فوبیا میں اضافے کے نتیجے میں کینڈا میں چار ہاکستانیوں کی جانیں گئیں،کینیڈین وزیراعظم سے ٹیلیفون رابطہ مینن وزیر خارجہ نے اسلامو فوبیا کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔