چیئرمین سینیٹ نے گلبرگ گرینز اسلام آباد میں اے جے ٹاورز رہائشی منصوبے کا افتتاح کر دیا

ہاؤسنگ اور تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے،حکومت نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کیلئے مراعات پر کا کر رہی ہے،محمد صادق سنجرانی

جمعرات 17 جون 2021 22:39

چیئرمین سینیٹ نے گلبرگ گرینز اسلام آباد میں اے جے ٹاورز رہائشی منصوبے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے گلبرگ گرینز اسلام آباد میں اے جے ٹاورز رہائشی منصوبے کا افتتاح کر دیا ۔ خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ہاؤسنگ اور تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے،حکومت نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کیلئے مراعات پر کا کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں ہاؤسنگ یونٹس کی قلت کو نجی شعبے کی شراکت داری کے ساتھ ختم کیا جا سکتا ہے،نجی و سر کاری شعبہ مل کر ہاؤسنگ کے شعبے میں مختصراور طو یل المدتی شراکت داری کر سکتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ کرونا وبا کے باوجود ہاؤسنگ و تعمیراتی شعبے میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کا رجحان حوصلہ افزاء ہے،ہاؤسنگ و تعمیراتی شعبے کی بدولت کئی دوسری صنعتوں کو بھی سہارا ملتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ روزگار کے موااقع پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے،پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کار بھی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں،ایسے منصوبے پاکستان کے سافٹ امیج کا باعث بنتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ تمام ادارے بزنس کمیونٹی کو سہولت فراہم کریں ملک ترقی کریگا،گوادر میں بھی ایسے منصوبوں کی اشد ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ تعمیراتی شعبے کو خوش آمدید کہیں گے،عوام کا معیارزندگی بہتراور معاشی سر گرمیوں کو تیز کرنے کیلئے نجی و سرکاری شعبوں کو مل کر کوششیں کرنا ہونگی۔ چیئرمین سینیٹ نے اے جے ٹاورز کے سی ای او آفان عزیز کی کاوشوں اور پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی ۔

انہوںنے کہاکہ سہولیات سے آراستہ منصوبہ سی ای او آفان عزیز کی تخلیقی سوچ کی عکاسی کرتا ہے،چیئرمین سینیٹ نے منصوبے کے اہم پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا۔ انہوںنے کہاکہ منصوبے میں بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ سی ای او آفان عزیز نے چیئرمن سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا شکریہ ادا کیا ،معیشت کا پہیہ گھمانے میں ہاؤسنگ اور تعمیراتی شعبہ سرگرم عمل ہے۔