جرمن کار انڈسٹری کی نئی تاریخی شروعات: کاربن اخراج سے دوری

DW ڈی ڈبلیو اتوار 20 جون 2021 11:00

جرمن کار انڈسٹری کی نئی تاریخی شروعات: کاربن اخراج سے دوری

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 20 جون 2021ء) جرمن حکومت کے ماحول دوست اقدامات کے تحت ایسا فیصلہ کیا گیا ہے کہ سن 2045 تک موٹر کاروں میں دھواں چھوڑنے والے انجنوں کو بتدریج ختم کر دیا جائے گا۔ کاروں سے نکلنے والا دھواں ماحول کے لیے نقصان دہ اور اسے گرین ہاؤس گیسز یا نقصان پہچانے والی سبز مکانی گیسوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

اس دھواں چھوڑنے والے انجن کے متبادل کے طور پر گرین ہاؤس گیسز کے کم اخراج کی حامل کاروں کو متعارف کرانا مقصود ہے۔

اس منصوبے میں الیکٹرک کاریں بھی شامل ہیں۔

الیکٹرک کاریں

جرمن حکومت کی خواہش ہے کہ سن 2030 تک جرمن سڑکوں پر سات سے دس ملین بجلی پیدا کرنے والی بیٹری سے چلنے والی کاریں رواں دواں ہوں۔ اس طرح سن 2021 کے مقابلے میں ان کاروں میں یہ اضافہ بیس فیصد خیال کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

’کاروں کے بغیر الیکٹرانک گاڑیوں کی پالیسی، جیسے دولہا کے بغیر شادی‘

جرمن دارالحکومت میں قائم ماحول دوست تھنک ٹینک اگورا فیرکہروینڈے کا کہنا ہے کہ ان کا اندازہ ہے کہ سن 2030 تک جرمنی میں زیر استعمال ای کاروں کی تعداد چودہ ملین تک ہو سکتی ہے۔

اس یورپی ملک میں رجسٹرڈ کاروں کی تعداد اڑتالیس ملین سے زیادہ ہے اور ان میں الیکٹرک کاروں کا تناسب محض 1.2 فیصد ہے۔

کار ڈرائیوروں کی مشکلات

اس وقت الیکٹرک کاریں چلانے والے خواتین و حضرات کو بیٹری چارج کرنے کے انفراسٹرکچر کی کمی کا سامنا ہے۔ یہ ایک بڑی وجہ ہے، جس کے سبب ابھی تک کئی افراد پٹرول کی گاڑیاں خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

دوسری جانب جرمن حکومت چارجنگ کی سہولیت میں اضافے کی پالیسی پر کاربند ہے۔

ایک اور بڑی وجہ الیکٹرک کاروں کی قیمت ہے جو زیادہ تر کار استعمال کرنے والوں کی قوتِ خرید سے باہر ہے۔ ایک سروے کے مطابق چونتیس افراد چارجنگ کی کم سہولت کو الیکٹرک کاروں کی عدم مقبولیت کا بنیادی سبب قرار دیتے ہیں اور چون فیصد افراد کو ان کے مہنگے ہونے کی پریشانی لاحق ہے۔

سروے میں ایک تہائی افراد نے تمام تر سہولیات حاصل ہونے کے باوجود الیکٹرک کار خریدنے سے گریز کو بہتر خیال کیا۔

ترکی میں داخلی سطح پر تیار کردہ پہلی الیکٹرک کار

الیکٹرک کار کی قیمت

یہ درست ہے کہ ڈیزل یا پٹرول سے چلنے والی کاروں کے مقابلے میں الیکٹرک کاریں مہنگی ہیں۔ اس وقت جرمنی میں ایک الیکٹرک کار کی کم سے کم قیمت تیس ہزار یورو (چھتیس ہزار تین سو ڈالر) ہے۔

اس کے مہنگے ہونے کی سب سے بڑی وجہ اس کی بیٹری ہے۔ بیٹری کی وجہ سے کار کی قیمت میں پانچ تا دس ہزار یورو کا اضافہ ہو جاتا ہے۔

دوسری جانب مسلسل تحقیق کے باعث بیٹری کی قیمتوں میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ امریکی مشاورتی کمپنی مککینزی کے مطابق سن 2010 اور سن 2016 کے مقابلے میں الیکٹرک کاروں کی بیٹری کی قیمت میں اسی فیصد کی کمی ہو چکی ہے۔

جرمن حکومت بھی الیکٹرک کاروں کے مہنگا ہونے کا احساس رکھتی ہے اور ایک نئی الیکٹرک کار خریدنے والے صارف کو نو ہزار یورو کی واپسی کی اسکیم بھی متعارف کرا رہی ہے۔

یہ اسکیم سن 2025 تک جاری رہے گی۔

دوسری جانب جنوری سن 2021 سے پٹرول اور ڈیزل کاروں پر کاربن ڈائی آکسائیڈ ٹیکس کا نفاذ بھی ہو چکا ہے۔ ابھی تک حکومتی مراعات کا فائدہ مختلف کاروباری کمپنیاں ہی اٹھا رہی ہیں۔ عام لوگ ابھی بھی ان کاروں کی قیمت میں کمی کا انتظار کر رہے ہیں۔

نتالی میولر، نیل کنگ (ع ح / ک م)