وزیر محکمہ خوراک و اقلیتی امور سندھ کا گھگھر میں مسلح افراد کا گھر میں گھس کر مسیحی لڑکی کے مبینہ اغوا کا نوٹس

آئی جی سندھ پولس اور ڈپٹی کمشنر سے فون پر رابطہ،لڑکی کی بازیابی کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں،ہری رام کشوری لال

بدھ 30 جون 2021 14:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2021ء) صوبائی وزیر محکمہ خوراک و اقلیتی امور سندھ کا کراچی کے علاقے گھگھر میں مسلح افراد کا گھر میں گھس کر مسیحی لڑکی شمع کے مبینہ اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ پولس اور ڈپٹی کمشنر سے فون پر رابطہ کیا۔ صوبائی وزیر نے ہدایت دی کہ لڑکی کی بازیابی کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں اور متاثرہ خاندان کی جانب سے اسٹیل ٹاون تھانے میں فوری کیس داخل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

ہری رام کشوری لال نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بچی کے والدین کو تحفظ فراہم کیا جائے اور واقعہ کی تحقیقات کر کے تفصیلی رپورٹ جلد پیش کی جائے ۔وزیر خوراک و اقلیتی امور نے کہا کہ اغوا میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ کو مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندان سے ہر ممکن تعاون کیا جائے ۔ہری رام کشوری لا ل کا مزید کہنا تھا کہ مسلم ہو یا غیر مسلم کسی سے اس قسم کی زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص سندھ میں تمام مذاہب کے رہنے والوں کو آئین کے مطابق تمام حقوق حاصل ہیں۔