حالات دن بدن بد سے بد تر، تبدیلی نے ملک و قوم کا حلیہ بھی بگاڑ کر رکھ دیا ہی: جاوید قصوری

بجلی کا ٹیرف ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا، عوام حکمرانوں کو بد دعائیں دے رہے ہیں،3برسوں میں بجلی کی قیمتوں میں 21بار اضافہ اور صارفین سے 2ہزار ارب وصول کئے گئے،رہنما جماعت اسلامی

ہفتہ 3 جولائی 2021 22:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2021ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرولیم، ایل پی جی جے بعد بجلی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ قابل مذمت ہے۔برسوں میں بجلی کی قیمتوں میں 21بار اضافہ اور صارفین سے 2ہزار ارب وصول کئے گے۔تحریک انصاف کے دور حکومت میں گردشی قرضہ 1200سے بڑھ کر 2600ارب ہو چکا ہے۔ بجلی کا ٹیر ف بلند ترین سطح تک پہنچ چکا ہے۔

دو سال میں بجلی کی قیمتوں میں دو سو فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ معیشت تباہ حال ، عوام بے روزگار ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ 22کروڑ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

حکومت کے سارے اقدامات محض ڈنگ ٹپائو کے سوا کچھ نہیں۔

حکومت کے اپنے افراد مہنگائی میں اضافے کا اعتراف کررہے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ وزیر اعظم کے پاس کسی بھی قسم کی کوئی با صلاحیت ٹیم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ 20افراد خود کشی کررہے ہیں۔کوئی ایک وعدہ بھی ایسا نہیں جو حکومت نے پور ا کیا ہو۔ تبدیلی نے ملک و قوم کا حلیہ بھی بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ حالات دن بدن بد سے بد تر ہوتے چلے جارہے ہیں ۔

بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہیں کیا گیا۔سود کا خاتمہ کرکے ہی معیشت کو استحکام دیا جاسکتا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک طرف عوام مہنگائی، بے روزگاری اور گڈ گورننس کے فقدان پر فریاد کناں ہیں تو دوسری جانب حکومت کی کارکردگی نے عوام کو مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو جینا محال کر کے رکھ دیا ہے ۔صنعتیں بند اور عوام بے روز گار ہو رہے ہیں۔ملک میں بجلی بحران سنگین ہوتا چلا جا رہا ہے ۔