بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے میں میڈیا نے اہم کردار ادا کیا ہے، ایس ایم منیر

ْکاروباری برادری کے بیشتر مسائل حل کرانے میں میڈیا کا اہم ترین کردار ہے،سرپرست اعلیٰ کاٹی

پیر 19 جولائی 2021 19:02

بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے میں میڈیا نے اہم کردار ادا کیا ہے، ایس ..
․کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2021ء) کاٹی اور یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ میڈیا ملک کا چوتھا اوراہم ترین ستون ہے اوربزنس کمیونٹی کی آواز موثر انداز میں سرکاری ایوانوں تک پہنچا رہا ہے،کاروباری برادری کے بیشتر مسائل حل کرانے میں میڈیا کا اہم ترین کردار ہے،وفاقی بجٹ کے خلاف وہ لوگ شور مچارہے ہیں جو قومی خزانے میں ٹیکس ادا نہیں کرتے،ہم سمجھتے ہیں کہ وزیرخزانہ شوکت ترین نے ایک بیلنس بجٹ دیا ہے تاہم ایف بی آر تاجربرادری پر سخت رویہ نہ اپنائے بلکہ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں آنے کی مہم چلائی جائے، سندھ حکومت کو چاہیئے کہ وہ صنعتی زون سمیت شہر بھر میں میں سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اورانفرااسٹرکچر کی بدتر صورتحال پر سنجیدگی سے توجہ دے،واٹر بورڈ کرپشن زدہ ہوچکا ہے،اہم ترین سرکاری اداروں کی سربراہی نجی شعبے کے سپرد کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈاینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں کونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلسٹ(CEEJ)کے ممبران وعہدیداران کے اعزاز میں دیئے گئے برنچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کاٹی کے صدر سلیم الزماں،کائیٹ لمٹیڈکے چیف ایگزیکٹو آفیسر زبیرچھایا،میڈیا کمیٹی کے چیئرمین جوہرعلی قندھاری،سینئر نائب صدر ذکی شریف، نائب صدر نگہت اعوان،سیج کے صدر راجہ کامران اور سیکریٹری کاشف منیر نے بھی خطاب کیا۔

جبکہ مسعود نقی، فرحان الرحمان،احتشام الدین، اوردیگر بھی موجود تھے۔ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مضبوط ہورہی ہے اوردوماہ میں پاکستان معاشی اعتبار سے ٹیک آف کرے گا،ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سب کو اجتماعی طور پر اکنامی کی مضبوطی کیلئے وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دینا چاہیئے،ہم پاکستان آرمی کی جدوجہد کو سلام کرتے ہیں جنہوں نے ہماری جانوں کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں قربان کیں،ہم پاکستان آرمی کے بہادر جوانوں کی وجہ سے ہی سکون کا سانس لے رہے ہیں۔

صدر کاٹی سلیم الزماں نے کہا کہ کسی بھی ملک کا میڈیا اس ملک کے معاشرے کی اصلاح کرتا ہے، میڈیا کے صحیح استعمال سے ہم معاشرے میں بہتری لا سکتے ہیں۔انہوں نے کورنگی صنعتی علاقے کا ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی کا صنعتی علاقہ5ہزار سے زائد صنعتوں کے ساتھ ملک کا سب سے بڑا صنعتی زون ہے،یہاں تین بڑی آئل ریفائنریز کام کررہی ہیں جبکہ کاٹی زون میں لیدر بزنس کیلئے پوراایک سیکٹر 7-A کام کررہا ہے، ہمارا یہ علاقہ قومی خزانے میں روزانہ600ملین روپے جمع کررہا ہے۔

صدر کاٹی نے کہا کہ ہم اپنے ممبران کو سہولیات مہیا کرتے ہیں اور ایس ایم منیر کی سرپرستی میں ہمارے ممبران کا کاٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے، کاٹی میں 40 اسٹینڈنگ کمیٹیاں کام کررہی ہیں جبکہ زبیرچھایا کی سربراہی میں ایک مضبوط ٹیم کائیٹ لمٹیڈ بھی صنعتی علاقے کی ترقی کیلئے سرگرم ہے۔سلیم الزماں نے میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ہمارے فرنٹ لائن وارئیر ہیں اورہمیں خوشی اوراطمینان ہے کہ میڈیا کاٹی کی سرگرمیوں کا اجاگر کررہا ہے،ہم باہمی تعاون سے ملک کی ترقی کیلئے کام کرتے رہیں گے۔

کائیٹ لمیٹڈ کے سی ای او زبیر چھایا نے کہا کہ ایس ایم منیر کی سرپرستی میں کاٹی کا گلدستہ32سالوں سے کام کررہا ہے،میڈیا کے ساتھ ہمارا چولی دامن کا ساتھ ہے،1960میں کورنگی صنعتی علاقہ قائم ہواتھا اور62سال بعد بھی اداروں اورسسٹم کی خرابی کی وجہ سے انفرااسٹرکچربرباد ہے،ادارے آپس میں لڑ رہے ہیں،سسٹم تباہ حال ہے اورخمیازہ کراچی کے عوام بھگت رہے ہیں،واٹر بورڈ ایک مافیا بن چکا ہے،صنعتوں اور گھروں میں پانی نہیں آرہا مگر ٹینکروں سے ایک روپے کا پانی6روپے میں فروخت کیا جارہا ہے،اگر پاکستان کا نظم ونسق کامیابی سے چلانا ہے تو کراچی کے حق میں فیصلے کرکے کراچی کو مضبوط بنانا ہوگا،کراچی کو مائنس کرکے نیا پاکستان نہیں بن سکتا۔

جوہرعلی قندھاری نے کہا کہ سندھ حکومت نی25ہزار روپے مزدور کی کم سے کم تنخواہ کرکے صنعتکاروں کیلئے مسائل کھڑے کردیئے ہیں حالانکہ وفاق نی20ہزار روپے تنخواہ مقرر کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سریا اور سیمنٹ کی قیمتیں بڑھنے سے تعمیراتی شعبہ مشکلات سے دوچار ہے، کووڈ19 کی وجہ سے تعمیراتی سیکٹر کیلئے حکومت کی اسکیم سے خاطر خواہ فائدہ نہ ہوسکا اس لئے حکومت اس اسکیم میں مزید ایک سال کی توسیع کرے۔