نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ، محمد رضوان پہلی بار ٹاپ 10 میں شامل

کپتان بابراعظم کی دوسری پوزیشن برقرار، شاہین آفریدی اور شاداب خان کی بھی ترقیاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 23 جولائی 2021 10:55

نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ، محمد رضوان پہلی بار ٹاپ 10 میں شامل
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 جولائی 2021ء ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے۔ ٹی 20 رینکنگ میں پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اپنے کیریئر میں پہلی بار ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ نئی رینکنگ کے مطابق وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے 11 درجے ترقی کے بعد ساتویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

محمد رضوان نے انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے تین ٹی 20 میچز میں 176 رنز سکور کیے۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے چار درجے ترقی کرتے ہوئے 13ویں پوزیشن پر آگئے جبکہ شاداب خان چھ درجے ترقی کے ساتھ 36ویں اور محمد حسنین 16 درجے ترقی کرکے 41 وہیں نمبر پر آگئے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹی 20 بلے بازوں کی درجہ بندی میں پاکستان کے کپتان بابراعظم کی دوسری پوزیشن برقرار ہے جبکہ ٹاپ ٹین میں بابر اعظم کے ساتھ محمد رضوان 7ویں بہترین بلے باز ہیں۔

انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی، آسٹریلیا کے ایرون فنچ تیسرے، نیوزی لینڈ کے کونوے چوتھے، انڈین کپتان ویراٹ کوہلی پانچویں اور لوکیش راہول چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ ٹی ٹونٹی بلے بازوں میں محمد رضوان 7ویں، ویسٹ انڈیز کے ایون لیوس 8ویں، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل نویں اور جنوبی افریقہ کے ونڈر ڈوسن دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹی 20 بولرز اور آل راونڈرز کی نئی درجہ بندی میں کوئی بھی پاکستانی ٹاپ ٹین میں جگہ نہیں بنا سکا۔ بولرز کی نئی جاری ہونے والی رینکنگ کے مطابق جنوبی افریقہ کے طبریز شمسی بدستور پہلے، افغانستان کے راشد خان دوسرے اور سری لنکا کے واننڈو ڈیسلوا تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ بولرز کی درجہ بندی میں عادل رشید چوتھے جبکہ مجیب الرحمن پانچویں بہترین گیند باز ہیں۔

آل راونڈرز میں افغانستان کے محمد نبی پہلے، شکیب الحسن دوسرے جبکہ سکاٹ لینڈ کے ریچرڈ بیرنگٹن ٹی 20 میں تیسرے بہترین آل راونڈر ہیں۔ ٹی 20 ٹیم رینکنگ میں انگلینڈ نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے جبکہ انڈیا دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے اور پاکستان چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔ آسٹریلیا 5ویں، جنوبی افریقہ چھٹی، افغانستان 7ویں، ویسٹ انڈیز 8ویں، سری لنکا نویں اور بنگلہ دیشن دسویں نمبر پر موجود ہے۔