شاہین کو ون ڈے کا کپتان بنا کر رضوان کے ساتھ ٹھیک نہیں ہوا: محمد عامر

رضوان کوئی برے ون ڈے کپتان نہیں تھے، انہوں نے پاکستان کو جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا میں سیریز جتوائیں جو ہمارے بڑے کپتان بھی نہیں جتوا سکے : سابق پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 21 اکتوبر 2025 10:58

شاہین کو ون ڈے کا کپتان بنا کر رضوان کے ساتھ ٹھیک نہیں ہوا: محمد عامر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اکتوبر 2025ء ) پاکستان ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے شاہین آفریدی کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنائے جانے کے فیصلے کو غلط قرار دیا ہے۔ 
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں عامر نے کہا کہ موجودہ حالات میں کپتانی کی تبدیلی درست فیصلہ نہیں اور میرا نہیں خیال کہ محمد رضوان کے ساتھ انصاف ہوا۔ 
انہوں نے کہا کہ وہ کوئی برے ون ڈے کپتان نہیں تھے، انہوں نے پاکستان کو جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا میں سیریز جتوائیں جو ہمارے بڑے کپتان بھی نہیں جتوا سکے اور ہم کو یہ نہیں بھولنا چاہیے۔

 
عامر نے کہا کہ کپتانی ایک دن میں نہیں بنتی بلکہ دو سے تین سال لگتے ہیں لیکن پاکستان میں ایک خراب سیریز کے بعد فوراً کپتان بدل دیا جاتا ہے جو ٹھیک رویہ نہیں۔

(جاری ہے)

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے 33 سالہ عامر نے رضوان کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ذہین کپتان ہیں اور ان میں لیڈرشپ کی اہلیت ہے ہاں اگر شاہین کو کپتان بنانا ہی تھا تو پہلے اس کو نائب کپتان بناتے تاکہ ان کی قیادت کا اندازہ لگایا جاسکتا تھا۔

 
واضح رہے کہ شاہین آفریدی کا بطور ون ڈے کپتان پہلا امتحان جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی ہوم سیریز ہوگا، جو4 سے 8 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ 
یاد رہے کہ شاہین اس سے قبل جنوری 2024ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں، تاہم 4-1 کی شکست کے بعد انہیں بابر اعظم سے تبدیل کر دیا گیا تھا۔

 
دوسری جانب محمد رضوان نے کپتان کی حیثیت سے 20 ون ڈے میچز میں 9 فتوحات اور 11 شکستیں حاصل کیں، ان کی کامیابی کا تناسب 45 فیصد رہا۔ انہیں گزشتہ سال 27 اکتوبر کو ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیموں کا کپتان مقرر کیا گیا تھا، تاہم ٹی ٹونٹی میں تمام چار میچ ہارنے کے بعد انہیں اس ذمہ داری سے ہٹا دیا گیا اور سلمان علی آغا کو نیا ٹی ٹوئنٹی کپتان بنا دیا گیا۔