مقبوضہ جموںوکشمیر : بھارتی فوجیوں نے سوپور میں2نوجوان شہیدکر دئیے

علاقے میں خوف وہراس ، کل جماعتی حریت کانفرنس کا کشمیریوںکی نسل کشی ُ پراظہار تشویش

جمعہ 23 جولائی 2021 18:55

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران سوپور کے علاقے وارپورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران 2 کشمیر ی نوجوانوںکو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نوجوانوںکی میتیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے کیمیائی مواد کے ذریعے تباہ کیے گئے دو مکانوںکے ملبے سے برآمد ہوئی ہیں ۔

قابض انتظامیہ نے لوگوں کو سوپور کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میںمعلومات کے تبادلے سے روکنے کیلئے قصبے میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر مقبوضہ علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی نسل کشیُ پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے سوپور اور دیگرعلاقوں میں شہید ہونے والے نوجوانوںکو شاندارخراج عقیدت پیش کیا۔ انہوںنے افسوس ظاہر کیاکہ بھارتی فوجی تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بے گناہ لوگوں کے قتل کے علاوہ مقامی آبادی کو ناقابل بیان وحشیانہ مظالم کانشانہ بناتے ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اپیل کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے کردارادا کریں۔

حریت رہنما جاوید احمد میر نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا تنازعہ ہے اور یہ عالمی ادارے کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مسئلے کو اپنی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرائے۔ قبل ازیں جاوید احمد میر آج نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کے مزار گئے تاہم قابض انتظامیہ نے انہیں اور دیگر کشمیریوں کو مزار کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی ۔

انتظامیہ نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد اور درگاہ حضرت بل سمیت مقبوضہ علاقے کی تمام بڑی عبادت گاہوں میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی۔ دریں اثنا ’’کشمیر میڈیاسروس ‘‘ کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ نریندر مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کے اس اعتراف کہ اس نے پاکستان کی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ میں شمولیت یقینی بنائی ہے خطے میںبھارت کے دوہرے کردار کو بے نقاب کردیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ فیٹف کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کے بھارتی اعتراف نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے اس موقف کی توثیق کی ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے لیے عالمی فورموں کو استعمال کر رہا ہے۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ ایک اہم تکنیکی فورم کو حقیر سیاسی مقاصد کیلئے استعمال میں لانا انتہائی شرمناک بات ہے لیکن مودی کی زیرقیادت فسطائی بھارتی حکومت کے لئے یہ ہرگز باعث ندامت نہیں۔

کے ایم ایس رپورٹ میں کہا گیا کہ’’ ایف اے ٹی ایف‘‘کو بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے بیان کا سخت نوٹس لینا چاہیے کیونکہ انکے اعتراف نے عالمی فورم کی ساکھ پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔بھارتی فوج اپنی حمایت یافتہ نام نہاد دیہی دفاعی کمیٹی ( وی ڈی سی )کے ارکان کو راجوری اور پونچھ کے اضلاع میں جدید ہتھیاروں کے استعمال اور ڈرون طیاروںکی نشاندہی کرنے کی خصوصی تربیت دے رہی ہے ۔

وی ڈی سی کے ارکان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے علاقوں اور انکے اطراف میں ہونے والی سرگرمیوں پرگہری نظر رکھیں۔ ادھر حریت رہنمائوں محمد شریف سرتاج ، محمد حنیف کالس ، مولانا امیر حسین شمسی ، مولانا عبدالقیوم متو، ملک ارشاد احمد ، پرویز احمد شیخ، ایڈووکیٹ خواجہ اعجاز مدنی، محمد حسین خطیب ، محمد اختر قریشی ، مشتاق احمد زرگر، محمد لطیف لون ، عبدالمجید ملک ، قاضی عمران اور خالد شبیر نے اپنے بیانات میں معروف مجاہد کمانڈرحاجی نور حسین المعروف دریائی بابا کو انکے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔