شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کروانے کا وزیراعظم عمران خان کا بیان مسترد کر دیا

عمران نیازی نے آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کرکے پاکستان کے تاریخی اور آئینی موقف سے انحراف کیا،بیان سے وہ خدشات ثابت ہوگئے جو 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات سے قوم کے سامنے پہلے ہی آ چکے ہیں۔اپوزیشن لیڈر کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 24 جولائی 2021 12:30

شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کروانے کا وزیراعظم عمران خان کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جولائی 2021ء) :پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کروانے کا وزیراعظم عمران خان کا بیان مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کرکے پاکستان کے تاریخی اور آئینی موقف سے انحراف کر رہے ہیں۔

تنازعہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے تاریخی موقف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہٹ کر موقف کو پوری قوم مسترد کرتی ہے ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی کے بیان سے وہ خدشات ثابت ہوگئے ہیں جو 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات سے قوم کے سامنے پہلے ہی آ چکے ہیں۔تنازعہ جموں و کشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں شفاف اور آزادانہ استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق سے ہو گا ۔

(جاری ہے)

پاکستان اور کشمیر کے عوام کا یہی موقف ہے۔اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی مرضی اور مشاورت کے بغیر کوئی حل ان پر مسلط کرنا بھارت کی مدد کرنا اور کشمیر کاز سے غداری کے مترادف ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آزاد کشمیر کو صوبہ بنانا چاہتا ہوں یہ بات کہاں سے آئی اس کا علم نہیں،کشمیریوں نے اپنی آزادی کیلئے بے حد قربانیاں دیں، پورا یقین ہےکہ کشمیریوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی،کشمیریوں کوان کا حق ملےگا، میری حکومت ریفرنڈم کرائے گی کہ آپ فیصلہ کریں کہ پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہو یا آزاد؟ ریفرنڈم میں کشمیری اپنا فیصلہ خود کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی سے بات چیت شروع ہوگئی ہے کہ الیکشن میں دھاندلی ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے آج تک کوئی چیز ایمانداری سے نہیں،الیکشن کمیشن ن لیگ کی اور حکومت بھی ن لیگ کی، تو ہم کیسے دھاندلی کریں گے؟ انہوں نے کہا کہ جم خانہ کلب میں ایک موٹا سا آدمی میچ کھیلنے آگیا اس کا نام نوازشریف تھا، نوازشریف نے جس طرح کی سیاست کی اسی طرح کی کرکٹ تھی، نوازشریف جب میچ کھیلنے آتا تھا تو اپنے ایمپائر لے کرآتے تھے، جب نوازشریف آوَٹ ہوتا تھا تو وہ ایمپائر نوبال کردیتے تھے۔

ان کے لیے صرف وہ ٹھیک ہوتا ہے جب ان کا اپنا ایمپائر ہو، کرکٹ کی دنیا میں نوٹرل ایمپائر لے کرآیا، ایک سال سے اپوزیشن کو الیکشن ریفارمز کی دعوت دے رہے ہیں کوئی نہیں آتا، ہم نے اپوزیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تجویز دی، اس قوم نے عظیم قوم بننا ہے۔