امارات واپسی کے منتظر پاکستانیوں کے لیے پاکستانی سفیر نے اہم پیغام جاری کر دیا

پاکستانی سفیر افضال محمود نے پاکستان میں پھنسے افراد کو آگاہ کیا ہے کہ وہ اپنے آجر کے ذریعے ویزوں اور ورک پرمٹس کی مُدت میں توسیع کروا سکتے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 31 جولائی 2021 12:15

امارات واپسی کے منتظر پاکستانیوں کے لیے پاکستانی سفیر نے اہم پیغام ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31 جولائی 2021ء ) کورونا وبا کے باعث عائد ہونے والی سفری پابندیوں کی وجہ سے وہ ہزاروں پاکستانی ویزہ ہولڈرز امارات واپس نہیں جا سکے ہیں، جو عید الفطر کی تعطیلات منانے کے لیے اپنے وطن آئے تھے مگر 12 مئی سے امارات کی جانب سے فضائی آپریشنز معطل کرنے کے بعد ابھی تک ان کی واپسی نہیں ہو سکی۔ اس سفری بندش کی وجہ سے ان کی امارات واپسی ممکن نہیں ہو سکی ہے اور ان کی نوکریاں بھی خطرے میں ہیں ۔

یہ ہزاروں پاکستانی ایک ایک دن گن رہے ہیں کہ امارات کی جانب سے سفر پر پابندی ہٹنے کے بعد ان کی واپسی ہو سکے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق امارات میں تعینات پاکستانی سفیر افضال محمود نے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ افضال محمود نے کہا ہے کہ پاکستان میں پھنسے تارکین اپنے ویزوں اور ورک پرمٹس کی مُدت میں توسیع اپنے آجروں یا کمپنی مالکان کے ذریعے کروا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر نے دو روز قبل اماراتی وزارت انسانی وسائل و اماریتائزیشن کے اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقات کی جس میں امارات سے باہر پھنسے پاکستانیوں کے مسائل اور معاملات سے آگاہ کیا اور ان کے روزگار اور ویزوں سے متعلق رہنمائی لی گئی۔ جس کے بعد پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ٹویٹر پیغام جاری کیا گیا ہے۔ اس پیغام میں پاکستان میں موجود ویزہ ہولڈرز سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے آجر کے ذریعے اپنے ویزوں اور ورک پرمٹس کی مُدت میں توسیع کروا سکتے ہیں۔

جبکہ ویزوں کی منسوخی کروانے کے لیے اماراتی لیبر منسٹری سے رابطہ کرنا ہو گا،اس پراسس کو مکمل کرنے میں دو ہفتے لگ سکتے ہیں۔ پاکستانی تارکین اپنی شکایات اور مسائل مندرجہ ذیل ذرائع سے ظاہر کر سکتے ہیں۔ 
۔ 80060 پر ٹول فری کال کر کے۔
۔ لیبر کلیمز اینڈ ایڈوائزری سنٹر کے رابطہ نمبر 04-665 999 پر کال کر کے۔
۔ ابوظبی میں میرینا مال کے اینجاز سنٹر (02-203 1004) اور مشرف مال کے اینجاز سنٹر (02-2031 003) پر کال کر کے۔
۔ ای میل ایڈریس: [email protected] پر ای میل بھیج کر۔