وزیراعظم عمران خان پنجاب کی بیوروکریسی کی کارکردگی سے غیر مطمئن

وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری کو اسلام آباد طلب کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 5 اگست 2021 15:38

وزیراعظم عمران خان پنجاب کی بیوروکریسی کی کارکردگی سے غیر مطمئن
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 اگست 2021ء) : وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کی بیوروکریسی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور چیف سیکرٹری پنجاب کو اسلام آباد طلب کر لیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور چیف سیکریٹری سے ملاقات میں پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کا جائزہ لیں گے۔

پنجاب میں پارٹی کو مستحکم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کا معاملہ بھی زیرِ بحث آئے گا۔ نجی ٹی وی چینل کے رپورٹ میں بتایا گیا کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان پنجاب میں سیاسی رہنماؤں اور بیورکریسی کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان کو بیورو کریسی سے متعلق متعلقہ اداروں نے رپورٹس بھی فراہم کیں۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعظم عمران خان کو پنجاب میں اعلیٰ افسران سے متعلق مبینہ کرپشن کی رپورٹس بھی موصول ہوئیں جس پر انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان پنجاب بیورو کریسی سے متعلق وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو اہم ہدایات دیں گے۔ ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بیورو کریسی سے متعلق اہم فیصلے کریں گے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں پنجاب کی بیوروکریسی میں گروپ بندی کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بیوروکریسی میں چھوٹی اور بڑی سطح پر افسران مختلف گروپوں میں منقسم ہیں۔

پنجاب میں تقرر و تبادلے بھی اس گروپ بندی کی بنیاد پر ہو رہے ہیں۔ ہر گروپ اپنے من پسند افسران کو بہتر تقرری دلوانے کیلئے کوشاں ہے۔ پنجاب میں تین بڑے گروپ کام کر رہے ہیں۔ان میں پہلا گروپ چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کا ہم خیال گروپ ہے دوسرا طاقتور ترین گروپ طاہر خورشید ( ٹی کے) گروپ ہے۔ جسے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی خصوصی آشیرباد حاصل ہے۔ جبکہ بیورو کریسی کا تیسرا اہم ترین گروپ ڈی ایم جی نون گروپ ہے۔ اس گروپ میں وہ افسران شامل ہیں جو ماضی میں سابق وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کیساتھ کام کر چکے ہیں۔