Live Updates

جمہوریت کیلئے جو قربانیاں پیپلز پارٹی نے دیں وہ کوئی اور نہیں دے سکتا،مولابخش چانڈیو

پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آج بھی حکومت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، بیان

بدھ 1 ستمبر 2021 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2021ء) رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے مریم نواز کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ جمہوریت کیلئے جو قربانیاں پیپلز پارٹی نے دیں وہ کوئی اور نہیں دے سکتا۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ نون کی قیادت نے تکلیفیں برداشت کیں ہیں اس کا ہمیں احساس ہے، تکلیفوں کا موازنہ نہ کریں تو بہتر ہے ، ایک طرف شہادتوں کی داستانیں اور دوسری طرف سودیبازیاں ہی سودیبازیاں ۔

انہوںنے کہاکہ چیئرمن بلاول بھٹو زرداری اگر امتیازی سلوک کی بات کرتے ہیں تو اس پر آگ بگولہ ہونے کی ضرورت نہیں، ہمیں آپ کے صاحبزادے کی شادی میں آپ کے شریک نہ ہونے کا دکھ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جو قربانیاں پی پی پی کی قیادت اور کارکنوں نے دیں اللہ نہ کرے کوئی اور ان سے گذرے، شہید بھٹو کا عدالتی قتل ہوا، بینظیر بھٹو کو سر راہ شہید کر دیا گیا ، اللہ آپ کے بچوں کو سلامت رکھے ہم سے موازنہ نہ کریں ہمارے کڑیل جوان شہید ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ شاہنواز اور میر مرتضی بھٹو کو بھری جوانی میں شہید کیا گیا ، بیگم نصرت بھٹو کو بستر مرگ پر بھی عدالتوں میں گھسیٹا گیا، آصفہ بھٹو کو ہسپتال کے دروازے سے واپس کیا گیا اپنے والد سے ملنے نہیں دیا گیا ۔انہوںنے کہاکہ ہمارے ہزاروں جیالوں نے کوڑے کھائے ، سیکڑوں شہید ہوئے، آپ ہم سے موازنہ نہ کریں ، مسلم لیگ ن پر تکلیفیں تو آئیں مگر ساتھ ساتھ سودے بازییاں بھی کی گئیں۔

انہوںنے کہاکہ اب بھی سودے بازی کر کے آپ نے پی ڈی ایم کو غیرمؤثر بنایا، آپ نے خود اعتراف کیا کہ آپ عمران خان حکومت کا خاتمہ نہیں چاہتے۔ انہوںنے کہاکہ اس سودے بازی کے بدلے میں آپ کی جماعت کو کیا کیا ریلیف ملا وہ پوری قوم جانتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ آپ قومی اتفاق رائے کی بات کر رہے ہو جب کہ آپ نے خود اپوزیشن کو توڑا ، حکومت کے بجائے آپ کی ٹیم پی پی پی پر حملے کر کے اپوزیشن کی اپوزیشن کر رہی ہے، پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آج بھی حکومت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات