یوم دفاع ہر سال بہادری اورجرات کے کارناموں اور عظیم قربانیوں کی یاد میں منایاجاتاہے ،میجر جنرل آصف محمود گورائیہ

خطے کی موجود ہ صورتحال نے وطن عزیز کو چیلنجز سے دو چار کر رکھاہے ،الحمداللہ قوم ،رافواج پاکستان اندورنی وربیرونی محاز پر ملک کو لاحق خطرات سے موثر طور پر نمٹنے کی بھر پور صلاحیتوں سے لیس ہے،جی او سی سرگودھا

پیر 6 ستمبر 2021 17:20

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2021ء) جی او سی سرگودھا میجر جنرل آصف محمود گورائیہ نے کہا کہ یوم دفاع ہر سال بہادری اورجرات کے کارناموں اور عظیم قربانیوں کی یاد میں منایاجاتاہے جو ہماری بہاد ر افواج اور قوم نے ستمبر 1965ء کی جنگ میں میدانوں ‘ صحراوں ‘ سمندروں او رفضاوں میں دشمن کے خلاف پیش کیں ۔یوم دفاع پاکستان کی ہلال استقلال لہرانے کی سادہ اور پروقار تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ دن ہمیں اس عظیم جذبے کی یاد دلاتا ہے جس کی طاقت سے افواج پاکستان نے عوام کی بھر پور حمایت کے ساتھ دشمن کی ناپاک جارحیت کو ناکام بنایا ۔

انہوں نے کہاکہ یہ دن اوریہ ہلال استقلال اس قوم بالخصوص اہلیان سرگودہا او رافواج پاکستان کے عزم وہمت ‘ جذبہ اور ایثار اور ان لازوال قربانیوں کی یاد لاتا ہے جو انہوں نے اس سرزمین پاک کی حفاظت میں نچھاور کیں اور عددی اعتبار سے ایک بڑے دشمن کو شکست سے دو چار کیا۔

(جاری ہے)

جی او سی نے کہا کہ آج کے تاریخی دن ہم اپنے شہدا ئ اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے دفاع وطن کو مقدم رکھتے ہوئے اپنے فرض کی تکمیل کے دوران جان کی پرواکئے بغیر پاکستان کی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کیا۔

وطن کی سلامتی او ر وقار کی خاطرہر خطرے او ر قوت سے ٹکرانے کا یہ جذبہ آج بھی ہماری قوم اور مسلح افواج میں موجود ہے ۔ جس کی بدولت ہم ملک کی جغرافیائی اورنظریاتی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کررہے ہیں ۔ جی او سی میجر جنرل آصف محمود گورائیہ نے کہا کہ خطے کی موجود ہ صورتحال نے وطن عزیز کو بہت سے چیلنجز سے دو چار کر رکھاہے لیکن الحمداللہ یہ قوم او رافواج پاکستان اندورنی او ربیرونی محاز پر ملک کو لاحق خطرات سے موثر طور پر نمٹنے کی بھر پور صلاحیتوں سے لیس ہے ۔

آپریشن ردالفساد کے دوران ملک سے دہشتگردی کے ناسور او رغیر ملکی خفیہ مداخلت کے خاتمے کیلئے ہماری قوم او رسیکورٹی اداروں نے شجاعت کی نئی داستانیں رقم کی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کے دفاع اور دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے ہماری یہ قربانیاں ہر گز رائیگاں نہیں جائیں گی تاہم یہ حقیقت ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے ریاست کے ہر ادارے او رمعاشرے کے ہر طبقے کی جانب سے مربوط کاوشوں کی ضرورت ہے ۔

ان حالات کا تقاضا ہے کہ ایک جانب ہم مکمل دفاعی خودانحصاری کے نصب العین کی جانب تیز تر پیش رفت کریں اور اس کے ساتھ تمام تعصبات کو بالا ئے طاق رکھ کر مکمل قومی یکجہتی کو اپنا شعار بنائیں ۔ انہوں نیکہاکہ پاکستان نے اپنی مضبوط حکمت عملی سے کرونا جیسی موذی مرض کاکامیابی سے مقابلہ کیا جس کی پوری دنیا معترف ہے ۔ پاکستان نے ٹڈی دل جیسی قدرتی آفت سے مقابلہ کیا او رایک دفعہ اس کو ختم کر دیا ۔

مسلح افواج ہمیشہ اپنے سول ا داروں کے شانہ بشانہ عوامی خدمت میں پیش پیش ہیں اور رہیں گے ۔بیس کمانڈر پی اے ایف مصحف بیس ایئر کموڈور سید عمر شاہ نے کہاکہ 1965 ئ کی جنگ میں سرگودہا ایئر بیس ایشیائ کی سب سے اہم او رمضبوط ایئر بیس تھی او رہے ۔7ستمبر کو بھارتی ایئر فورس نے سرگودہا پر متعدد حملے کئے اور ایک ہی دن میں پاکستان کی ایئر ڈیفنس او رایئر فورس نے کئی بھارتی جہازوں کو مار گرایا ۔

انہوں نے کہاکہ دشمن کے ہوائی حملوں کے دوران شاہینوں کے شہر اور اس کی عوام نے کمال جرات او ربہادری سے اس کا مقابلہ کیا او راس عظیم شہر کو ہلال استقلال کا حقدار ٹھہرایا ہے کہ اب تک کی ہونے وا لی جنگوںمیں یہاں سے اڑنے والے شاہینوں نے دشمن کے سب سے زیادہ جہاز مارگرائے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کاذکر کئے بغیر میرے الفاظ نامکمل رہیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ آ ج کے دن ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے معصوم اور حریت پسند بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑک رہے ہیں جو ایک عرصے سے ریاست دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستانی عوام ‘ حکومت اور افواج پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ 1965ئ کی جنگ او ر6ستمبر کا دن محض ایک دن یاتاریخ نہیں بلکہ ہماری سنہری تاریخ کا اہم سنگ میل ہے ۔

آج قوم ا پنے شہیدوں کو سلام پیش کرتی ہے او راس عزم کااعادہ کرتی ہے کہ ہم پاک سرزمین کے تحفظ پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ایڈیشنل کمشنر شہباز حسین نقوی نے کہاکہ 6ستمبر 1965ئ کا دن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن او رقابل فخر باب ہے ۔ پاک افواج نے بزدل دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ۔ انہوں نے کہاکہ پاک دھرتی کے عظیم سپوتوں نے دفاع وطن کی خاطر بہادری کی بے مثال داستانیں رقم کیں۔

انہوںنے کہاکہ یوم دفاع کاتقاضا ہے کہ ہم پاکستانی سرحدوں کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت چوکنا رہیں او راس عزم کااعادہ کرنا چاہیے کہ ہم وطن عزیز کی بقاء وسلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ تقریب میں پولیس کے مسلح دستے نے سلامی دی جبکہ آخر میں ملک کی سلامتی او راستحکام اورشہدا ء کے درجات کی بلندی کی دعا کی گئی۔