Live Updates

کراچی کی تیس فیصد آبادی کو نلکے کا پانی ملتا ہے، اس میں بھی ڈنڈی مار دی جاتی ہے،پاسبان

جمعرات 9 ستمبر 2021 19:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2021ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ کراچی کی صرف تیس فیصد آبادی کو نلکے کا پانی ملتا ہے اور اس میں بھی اکٹر ڈنڈی مار دی جاتی ہے۔ کراچی پر اندرون سندھ سے جعلی ڈومیسائل پر لائے گئے لوگ مسلط ہیں جنہیں نہ مسائل کا ادراک ہے اور نہ اس کے حل میں دلچسپی ہے۔

کراچی کے عوام ٹینکر کا پانی بھی خریدتے ہیں اور پینے کے لئے صاف پانی علیحدہ خریدتے ہیں۔ یہ پسی ہوئی عوام پر ناجائز بوجھ ہے۔کے فور منصوبہ کہاں گیا اس میں کتنی کرپشن ہوئی تحقیقات کے لئے آزاد کمیشن قائم کیا جائے۔حکومت سندھ بتائے کہ ٹینکر مافیا کا سرپرست کون ہی کیونکہ پچاس سال سے سندھ پر ان کی اندھیر نگری چوپٹ راج قائم ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کراچی کے لئے صرف ادھر ادھر چھلانگیں لگا رہے ہیں۔

انہوں نے زبانی جمع خرچ تو ضرور کیاہے لیکن کام دھیلے کا کرنے نہیں دیا ہے۔کراچی اصل آبادی کے لحاظ سے دنیا کا تیسرا بڑا شہر ہے۔ اس کا نظم پیپلز پارٹی نے ایک دودھ پیتے بچے کے حوالے کر دیا ہے۔ صاف ظاہر ہے کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی اور نہ ہی صوبے کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ ہے۔پیپلز پارٹی حلوے مانڈے والی پارٹی ہے، پیسہ دیکھتے ہی بے ایمانی اور کرپشن کے لئے رال ٹپکنے لگتی ہے۔

سندھ سرکار باران رحمت کو بھی زحمت بنا کر پیش کرتی ہے تاکہ بین الااقوامی برادری سے بھیک مانگ سکے۔بارش کا پانی ضائع کرنے کی بجائے ذخیرہ کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے۔ پاسبان پبلک سیکریٹریٹ میں ہونے والی ہفتہ وار میٹنگ میں شہر قائد میں پانی کی شدید قلت پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے مزید کہا کہ مرتضی وہاب سے وکالت نہ چلی تو کراچی کا بیڑہ غرق کرنے آگئے ہیں۔

عوام بگ تھری کو مسترد کردیں اور پڑھے لکھے اور باشعور لوگوں کو ووٹ دیِں۔پاسبان اقتدار میں آکر ان چوروں اور ڈاکووں کو گریبانوں سے پکڑ کر عوام کے سامنے سزا کے لئے پیش کرے گی۔ کراچی میں اب حلوائی کی دکان اور نانا جی کی فاتح اب بلاول نہیں کر سکیں گے۔پاسبان ہر ظلم کے خلاف ٹھوس اقدامات کے لئے میدان میں آ چکی ہے۔ زرداری بھی سن لے کہ وہ دن گئے جب خلیل خان فاختہ اڑایا کرتے تھے۔ اب ان کے ہاتھوں کے طوطے بھی اڑنے والے ہیں۔پاسبان کا انقلاب اور سیلاب ان سب لٹیروں کو خس و خاشاک کی طرح بہا کر لے جائے گا۔عوام پاسبان کی کال پر لبیک کہنے کے لئے تیار رہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات