شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، ایک دہشت گرد ہلاک

میر علی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 11 ستمبر 2021 10:44

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، ایک دہشت گرد ہلاک
شمالی وزیرستان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 ستمبر 2021ء) : حسو خیل میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 1 دہشت گرد ہلاک جب کہ 6 کو گرفتار کرلیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقہ حسو خیل، میر علی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔ اس دوران فائرنگ کے شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک جب کہ اس کے 6 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل بھی ایسی ہی ایک کارروائی کی گئی تھی۔ پاک فوج کا دہشتگردوں اور سہولتکاروں کے خلاف آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن میں ایک دہشتگرد کو ہلاک کردیا، دوران آپریشن دیسی ساختہ بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 جوان شہید ہوگئے، پاک فوج نے دہشتگردوں کی تلاش کیلئے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں کلیئرنس آپریشن کیا، سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بارودی سرنگ پھٹ گئی، بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 جوان شہید ہوگئے، جام شہادت نوش کرنے والوں میں 25 سالہ سپاہی ضیاء اکرم اور 20 سالہ جوان مصور خان شامل ہیں۔ ضیاء اکرم کا تعلق مظفر آباد اور مصور خان کا تعلق باجوڑ سے ہے۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں فرار ہوتے دہشتگردوں میں ایک دہشتگرد کو ہلاک کردیا۔