کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی ایک نئی صبح کا آغاز

خاص طور پر پنجاب سے انتخابی نتائج پارٹی کی پنجاب میں عوامی خدمت کی تائید ہے، اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور نوافل ادا کریں، سجدہ شکر بجا لائیں۔ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 13 ستمبر 2021 13:15

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی ایک نئی صبح کا آغاز
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 ستمبر 2021ء) : کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی رد عمل دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں ملک بھر سے مسلم لیگ ن کی کامیابی ایک نئی صبح کا آغاز ہے۔ خاص طور پر پنجاب سے انتخابی نتائج پارٹی کی پنجاب میں عوامی خدمت کی تائید ہے، اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور نوافل ادا کریں، سجدہ شکر بجا لائیں، ان شاءاللہ، کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات سے بننے والے مومنیٹم کو نئی قوت سے مہمیز دیں گے، عوام نے ووٹ کی طاقت سے نالائقوں کی بدترین کارکردگی کو مسترد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں پسے عوام نےبے روزگاری اور معاشی تباہی کے مجرموں کو مسترد کیا ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی سیاسی انتقام کے باوجود عوام کو کسی بھی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دے سکی۔ پنجاب کی عوام نے ووٹ کی طاقت سے صوبے کی ترقی چھیننے والوں کو مسترد کردیا۔ جس محنت اور نظریاتی وابستگی سے پارٹی نے مل کر کام کیا، وہ قابل تحسین ہے۔عوام نے ہم پر اعتماد کیا، ہم ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

جہاں ہمیں ذمہ داری ملی ہے، مسائل کے حل اور ترقی کے نئے سفر کا آغاز کریں گے۔ خیال رہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کا 56 نشستوں کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔ لیکن پنجاب میں مسلم لیگ ن کا پلڑا بھاری رہا۔ صوبہ پنجاب میں کنٹونمنٹ بورڈ کے تمام 113 وارڈز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن 51، آزاد امیدوار 32،پی ٹی آئی 28 ، جماعت اسلامی 2 وارڈز میں کامیاب ہوئی جبکہ پیپلز پارٹی ایک بھی نشست حاصل نہ کر سکی ۔

لاہور اور راولپنڈی میں بھی پاکستان تحریک انصاف کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور میں والٹن اور لاہور کینٹ مسلم لیگ ن نے جیت لیے جبکہ چکلالہ کینٹ میں بھی پی ٹی آئی کو اپ سیٹ شکست ہوئی۔ جبکہ واہ کینٹ میں مسلم لیگ ن نےجیت کر پاکستان تحریک انصاف کو بڑا دھچکا پہنچایا۔