کوہاٹ، کرک پولیس نے ہمشیرہ کو قتل کرکے ماں ،نومولود کو یرغمال بنانے والے ملزم کو سخت مقابلے کے بعد قابو کرکے یرغمالیوں کو بحفاظت چھڑا لیا

منگل 14 ستمبر 2021 20:55

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2021ء) کرک پولیس نے اپنی ہمشیرہ کو قتل کرکے ماں اور نومولود بچے کو گھر میں یرغمال بنانے والے مبینہ ملزم کو سخت مقابلے کے بعد قابو کرکے یرغمالیوں کو باحفاظت چھڑا لیا۔ پولیس نے زیر حراست ملزم کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق ضلع کرک کی تحصیل تحت نصرتی کے علاقہ دمگری سراج خیل میں بدبخت ملزم صفی اللہ شاہ ولد روضان شاہ سکنہ دمگری سراج خیل نے منگل کے روز اپنی سگی بہن کو نامعلوم وجوہات کی بنا فائرنگ کرکے بے دردی سے قتل کردیا جبکہ واردات کے بعد اپنی ماں اور 8 ماہ کے نومولود بچے کو یرغمال بنا لیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او کرک ہارون راشد خان نے سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے فوری طور پر ڈی ایس پی عابد آفریدی کو ہر صورت ملزم کی گرفتاری اور یرغمالیوں کی بحفاظت بازیاب کا حکم دیا جس پر ڈی ایس پی عابد آفریدی کی زیر قیادت تھانہ یعقوب خان شہید کے ایس ایچ او سعید خان نے ایلیٹ فورس، لیڈی پولیس، ریسکیو 15 نفری اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ملزم کے گھر کا گھیراؤ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بکتر بند گاڑی بھی موجود تھی۔پولیس کے مطابق ملزم نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی گرفتاری سے بچنے کیلئے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی تاہم ملزم کی فائرنگ سے پولیس بال بال بچ گئی جبکہ پولیس نے نہایت حکمت عملی سے چند گھنٹوں کے مقابلے کے بعد ملزم کو قابو کرلیا اور زیر حراست ملزم صفی اللہ کو آلہ قتل کلاشنکوف سمیت پستول، 2 چارجرز اور 18 کارتوس برآمد کرلئے۔ پولیس نے فوری طور پر یرغمال کی گئی ملزم کی ماں اور نومولود بچے کو باحفاظت بازیاب کرکے مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ فوری طور پر مزید معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔