Live Updates

چینی سرمایہ کار اپنی صنعتیں چین سے پاکستان منتقل کرنے کے خواہشمند نکلے

قدرتی وسائل، بہتر انفرا اسٹرکچر اور سستی لیبر کے باعث پنجاب پسندیدہ قرار،وزیراعظم نےچینی سرمایہ کاروں کو صنعتیں منتقل کرنے میں فوری سہولتیں دینے کی یقین دہانی کروا دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 16 ستمبر 2021 14:14

چینی سرمایہ کار اپنی صنعتیں چین سے پاکستان منتقل کرنے کے خواہشمند نکلے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 ستمبر 2021ء) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چینی سرمایہ کار اپنی صنعتیں چین سے پاکستان منتقل کرنے کے خواہاں ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب میں خصوصی اقتصادی کی ترقی سے متعلق اجلاس ہوا،جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت سینئر حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کی کامیابی اقتصادی زونز کی ترقی سے منسلک ہے اور پاکستان کا مستقبل بڑے پیمانے پر صنعت کاری میں مضمر ہے۔

صنعت کاری سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ معیشت بھی مستحکم ہو گی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ قدرتی وسائل، بہتر انفرا اسٹرکچر اور سستی لیبر کے باعث چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب پسند ہے۔چینی سرمایہ کار اپنی صنعتیں چین سے پاکستان منتقل کرنے کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

ہمیں چینی سرمایہ کاروں کو صنعتیں منتقل کرنے میں فوری سہولتیں دینی چاہئیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں اقتصادی زونز کی ترقی کے لیے ریگولیٹر قوانین میں سہولت دینی چاہئیے۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے معاملے پر چینی کمپنیوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی تھی۔ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان سے چینی کمپنیوں کے سربراہان کے وفد نے ملاقات کی جس میں چینی سفیر نونگ رانگ بھی موجود تھے۔

اعلامیے کے مطابق وفاقی وزراء حماد اظہر، شوکت ترین، اسد عمر اور عبدالرزاق داؤد سمیت دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ حکومتی اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے چینی وفد نے پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی بھی ظاہر کی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت ''ایز آف ڈوئنگ بزنس'' کی پالیسی پر تندہی سے عمل پیرا ہے۔

سرمایہ کاروں کو مراعات فراہم کی جارہی ہیں اور انتظامی امور کو آسان بنایا جا رہا ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے چینی وفد کو ماہانہ اجلاس کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان چین سے صنعتی شعبے کی ترقی سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے اور افرادی قوت ہنر سیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں درمیانی اور چھوٹی صنعت کی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں، چینی کمپنیاں پاکستان میں درمیانی اور چھوٹی صنعت میں کردار ادا کر سکتی ہیں، ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات