Live Updates

ملک میں بیروزگاری کا مجرم عمران خان ہے ، مریم اورنگزیب

لیبر فورس سروے ایک کروڑ نوکریاں دینے کے عمران صاحب کے وعدے کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے، بیان

جمعہ 17 ستمبر 2021 22:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بے روزگاری کا مجرم وزیراعظم عمران خان کو قرار دیتے ہوے کہا ہے کہ عمران صاحب جب تک بے روزگار نہیں ہوں گے، عوام کو روزگار نہیں ملے گا ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا لیبر فورس سروے ایک کروڑ نوکریاں دینے کے عمران صاحب کے وعدے کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے ۔

انہوں نے کہا عمران صاحب کی وجہ سے لاکھوں کروڑوں گھرانوں کے چولہے بجھ گئے ۔ عوام کا روزگار ختم ہوگیا لیکن عوام کو لوٹے والے اے ٹی ایم اور مافیا کو روز نوکری مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا عمران صاحب کی 8 سال کی حکومت کے بعد خیبرپختونخوا بے روزگاری میں نمبر ایک ہے، کیا خوفناک تبدیلی لائے ہیں ۔ انہوں نے کہا قومی معیشت سکڑنے سے ملک میں بے روزگاری خوفناک حد تک بڑھ چکی ہے ۔

(جاری ہے)

سروے سے ثابت ہوگیا کہ معاشی تباہی سے لوگوں کو اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھونے پڑ گئے ۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے پہلے سال میں ہی بے روزگاری 5.8 سے 6.9 فیصد ہونا عمران صاحب کی ناکامی،نااہلی اور کرپشن کا ثبوت ہے۔ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی بے روزگاری کا شکار ہوئی ہیں، اس ظلم کے عمران صاحب ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا سروے کے مطابق مردوں میں بے روزگاری 5.1 سے بڑھ کر5.9 فیصد ہوئی جبکہ خواتین میں بے روزگاری 8.3 سے 10 فیصد ہوگئی ۔

انہوں نے کہا لیبر سروے ثبوت ہے کہ خواتین بے روزگاری سے زیادہ متاثر ہوئیں، یہ ہے عمران صاحب کی اصل کارکردگی۔ انہوں نے کہا دیہات میں خواتین کے بے روزگاری زیادہ بڑھنے سے دیہات میں غربت میںبے پناہ اضافہ ہوا ہے ۔ تین سال میں 50 لاکھ بے روزگار کردئیے، 2 کروڑ لوگ خط غربت سے دھکیل دئیے، عمران صاحب گھر جائیں تاکہ قوم کو ریلیف ملے ۔ انہوں نے کہا ایک طرف عوام بے روزگار ہیں، دوسری طرف ان پر مہنگائی کی قیامت ٹوٹ پڑی ہے۔ ملک کو مہنگا ترین اور عوام کو بے روزگار کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا عوام کے پاس نہ آٹا ، چینی ، روٹی ، بجلی گیس دوائی ہے اور نہ روزگار تین سال سے عوام مہنگائی معاشی تباہی اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات