Live Updates

نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز سے برطانوی ہائی کمیشن کے ملوث ہونے کا کوئی تعلق نہیں

برطانوی ہائی کمیشن کے ملوث ہونے کی قیاس آرائیاں جھوٹی ہیں، یہ نیوزی لینڈ حکام کا آزادانہ فیصلہ ہوگا، کرکٹ شائقین کیلئے آج ایک افسوسناک دن ہے۔ پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 17 ستمبر 2021 19:55

نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز سے برطانوی ہائی کمیشن کے ملوث ہونے کا کوئی تعلق ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17ستمبر2021ء) پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز سے برطانوی ہائی کمیشن کے ملوث ہونے کا کوئی تعلق نہیں، برطانوی ہائی کمیشن کے ملوث ہونے کی قیاس آرائیاں جھوٹی ہیں، یہ نیوزی لینڈ حکام کا آزادانہ فیصلہ ہوگا، کرکٹ شائقین کیلئے آج ایک افسوسناک دن ہے۔

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز سے متعلق برطانوی ہائی کمیشن کے ملوث ہونے کی قیاس آرائیاں جھوٹی ہیں، یہ نیوزی لینڈ کے حکام کا فیصلہ تھا جو آزادانہ طور پر لیا گیا۔ یہ پاکستان اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کیلئے ایک افسوسناک دن ہے۔ 

واضح رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز سکیورٹی خدشات کے باعث منسوخ ہوگئی ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان پی سی بی کے مطابق آج نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آگاہ کیا ہے کہ انہیں سیکورٹی خدشات ہیں، اس لئے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت پاکستان نے مہمان ٹیم کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کررکھے تھے، ہم نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کرائی تھی۔

وزیراعظم نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے رابطہ کرکے انہیں بتایا کہ ہماری سکیورٹی انٹیلی جنس ایجنسی دنیا کی ایک بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کی سکیورٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے، وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ جس میں نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈرا آر ڈن نے وزیر اعظم عمران خان سے ازحد احتیاط کی پالیسی کے پیش نظر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

وزیراعظم نے یقین دلایا کہ پاکستان میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی میسر ہے اور پی سی بی کے مطابق خود نیوزی لینڈ کی سیکیورٹی نے پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز دنیا کے بہترین انٹیلی جنس سسٹمز میں شامل ہیں،اور ان کی رائے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کسی قسم کے خطرہ نہیں ہے،تاہم نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے ازحد احتیاط کی پالیسی کے پیش نظر دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

 مزید برآں وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیرعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے بات کی، نیوزی لینڈ کی ٹیم کو مکمل طور پر سیکیورٹی فراہم کی، ہماری پولیس، افواج سمیت کسی ادارے کے پاس کوئی تھریٹ نہیں، ہم نے نیوزی لینڈ کو بغیر تماشائی میچز کروانے کی پیش کش کی، نیوزی لینڈ کو ہر طرح راضی کرنے کی کوشش کی۔

لیکن وہ نہیں مانے۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا تھریٹ کا مسئلہ نہیں ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے یکطرفہ طور پر اپنا دورہ منسوخ کیا، نیوزی لینڈ کے دورے کو ایک سازش کے تحت ختم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اطلاع ملی ہے کہ انگلینڈ ٹیم بھی انہی راستوں اور باتوں پر غور کررہی ہے، انگلینڈ ٹیم جو بھی فیصلہ کرے گی ان کا اپنا فیصلہ ہوگا، انگلینڈ ٹیم کیلئے زبردست سکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات