پی ایم ایل این چند حلقوں تک محدود ہوچکی ،ن لیگ کی بدعنوان قیادت سزائوں کے بعد ملک سے فرار ہے ، ڈاکٹر شہباز گِل

ہفتہ 18 ستمبر 2021 15:45

پی ایم ایل این چند حلقوں تک محدود ہوچکی ،ن لیگ کی بدعنوان قیادت سزائوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2021ء) وزیراعظم کےمعاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن  پی  ایم ایل این   کے دورحکومت کے مختلف منصوبوں پر دی جانے والی سبسڈی کے کروڑوں روپے یومیہ ادا کرنا پڑرہے ہیں،حالیہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے نتائج سے ثابت ہوگیا ہے کہ چند حلقوں تک محدود ہوچکی ہے، ن لیگ کی بدعنوان قیادت سزائوں کے بعد ملک سے فرار ہے ۔

ہفتہ کوشہباز شریف کےبیان پر ردعمل میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ شہباز شریف کک بیکس زدہ منصوبوں پر فخر کر رہے ہیں۔سستی روٹی سکیم سے سستی روٹی نہ مل سکی. لیپ ٹاپ دینا غلط نہیں مگر مہنگے ترین ڈبہ لیپ ٹاپ دینا غلط تھا۔زلزلہ زدگان کے فنڈز کھا جانے والے آج بھاشن باشی میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

چھوٹے شہروں کا بجٹ میٹرو اور اورنج لائن میں لگایا گیا،اورنج لائن منصوبے کے ذریعے عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالا گیا۔

شہباز گل نے کہا  کہ پنجاب حکومت کو اورنج لائن کی سبسڈی کی مد میں تقریباً ساڑھے 7 کروڑ روپے یومیہ ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔ن لیگ نے چینی پر 5 سال میں 29 ارب کی سبسڈی دی۔حالیہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات سے ثابت ہوا کہ ن لیگ چند حلقوں تک محدود ہو چکی ہے۔ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ن لیگ کی کرپٹ لیڈرشپ کرپشن کی سزاؤں کے بعد مفرور ہے جبکہ  گماشتے درباری آقاؤں کی خوشنودی کیلئے دھکے کھا رہے ہیں۔پارٹی کارکنان لیڈروں کو ڈھونڈ رہے ہیں مگر سب منظر سے غائب ہیں جبکہ اس وقت مسلم لیگ ن میں قیادت کی بدترین رسہ کشی جاری ہے۔