پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کا ہنی مون چل رہا ہے،مصطفی کمال

ٌجس دن رومانس ختم ہو جائے گا، اس دن پیپلز پارٹی اصل پوزیشن میں آ جائے گی،چیئرمین پی ایس پی

ہفتہ 18 ستمبر 2021 23:57

ٓکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2021ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کا ہنی مون چل رہا ہے۔ جس دن رومانس ختم ہو جائے گا، اس دن پیپلز پارٹی اصل پوزیشن میں آ جائے گی۔ جنکے پاس شہر کا مینڈیٹ ہے وہ بہت جلد اشرف غنی ثابت ہونگے۔ افغانستان کی جنگ پر پاکستان میں فتح کا جشن منایا جارہا تھا جبکہ ہم پہلے بھی کہہ رہے تھے یہ جنگ ختم نہیں ہوئی۔

مختلف علاقوں میں فوجی جوانوں کو شہید کرنے کے افسوسناک واقعات ہورہے ہیں، دشمن کو بھی پتا ہے کہ پاکستان کی وجہ سے انہیں شکست ہوئی اس لیے وہ اپنی کارروائیاں کرے گا کیونکہ دشمن کے لیے پاکستان کے موجودہ حالات سازگار ہیں، مہنگائی نے کمر توڑ دی، بیروزگاری انتہا پر پہنچ گئی، پینے کا پانی مل نہیں رہا، کچرا نہیں اٹھ رہا، گیس، بجلی بند ہے اور وہ بھی اس شہر میں جو پاکستان کا معاشی انجن ہے۔

(جاری ہے)

روزانہ اربوں روپے کا پانی چوری ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ سرجانی سے ڈیفنس تک لوگ پانی خرید کر پی رہے ہیں۔ پیٹرول پر پانچ پانچ روپے بڑھ رہے ہیں، ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ موجودہ حالات میں درپیش چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کے لیے تیار ہونا ہوگا۔

رہی سہی کسر پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے پوری کردی ہے۔ ہم تعصب پر یقین نہیں رکھتے مگر اردو بولنے والوں کے ساتھ مسلسل زیادتی ہورہی ہے۔ لاکھوں نوکریوں میں ایک بھی اردو بولنے والوں کو نہیں دی گئی۔ اسکول ڈیسک کا معاملہ آیا، محکمہ تعلیم میں کرپشن کا یہ عالم ہے کہ پانچ ہزار کا ڈیسک انتیس ہزار روپے میں لیا گیا، اس کرپشن کے باعث پیدا ہونے والے ماحول سے صرف ملک دشمنوں کو فائدہ ہوگا۔

باکردار لوگوں کی ضرورت ہے۔ ہمارا معاشرہ اتنا خراب ہوگیا ہے کہ کوئی اب سچ نہیں سننا چاہتا۔ پاک سر زمین پارٹی جھوٹ کا سچ کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہے، کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں پی ایس پی نہیں بلکہ عوام ہاری ہے۔ ابھی عوام کے نصیب میں مزید تکالیف لکھی ہیں کیونکہ ٹھیک کرنا صرف ہمیں ہی آتا ہے۔ ہم صرف الیکشن کے دنوں کے لیے کام نہیں کررہے بلکہ نسلوں کی بہتری کیلئے روزانہ کی بنیاد پر جدوجہد کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔