ایم کیو ایم پاکستان سرفراز احمد اور فواد عالم کیلئے سڑکوں پر نکل آئی

فواد عالم کو10 سال نظر انداز کیا گیا، سرفراز جیسے کھلاڑی کو متعصب لوگوں نے باہر نکالا،جب کراچی کے کھلاڑی ٹیم میں ہوتے تھے تو ٹیم کا پوری دنیا میں ڈنکا بجتا تھا: ڈپٹی کنوینیئر عامر خان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 19 ستمبر 2021 13:55

ایم کیو ایم پاکستان سرفراز احمد اور فواد عالم کیلئے سڑکوں پر نکل آئی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 ستمبر 2021ء ) ایم کیو ایم پاکستان نے قومی ٹیم کے سکواڈ میں بالخصوص سرفراز احمد اور فواد عالم کو شامل نہ کرنے پر احتجاج کیا اور مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کردیا،ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے خلاف قومی و صوبائی اسمبلی سمیت ہر فورم پر آواز بلند کرنے اور نیشنل سٹیڈیم کے باہر احتجاج کی دھمکی بھی دی۔

ٹی ٹونٹی سکواڈ میں سندھ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنے کیخلاف ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں شریک افراد نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر بالخصوص سرفراز احمد کے حق میں نعرے درج تھے اور پی سی بی سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایسے باصلاحیت کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا جائے۔

(جاری ہے)

سکرین گریب
سکرین گریب
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان نے سینئرڈپٹی کنونیئر اور رہنما عامر خان نے کہا کہ چئیرمین پی سی بی سندھ کے کھلاڑیوں کو پسند اور ناپسندیدگی کی بنیاد پر نظر انداز کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبے کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کریں، رمیز ابھی نئے آئے ہیں، انہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔

عامر خان نے کہا کہ فواد عالم کو دس سال نظر انداز کیا گیا،جب فواد عالم کو موقع ملا تو انہوں نے اپنی پرفارمنس کے ذریعے لوگوں کے منہ پر طمانچہ مارا، سرفراز احمد نے ٹیم کو ورلڈ چیمپئن بنوایا، سرفراز جیسے کھلاڑی کو متعصب لوگوں نے باہر نکالا، شہری سندھ کے کئی کھلاڑیوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین پرفارمنس دی لیکن انھیں ٹیم سے باہر رکھا جارہا ہے،اچھی پرفارمنس دینے والوں کو ٹیم میں شامل کیا جائے، نوجوان کرکٹرز ملک کا مستقبل بننا چاہتے ہیں،بلوچستان اور کے پی میں بھی زیادتی پر آواز اٹھائی ہے۔

عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب پاکستانی ٹیم میں کراچی کے کرکٹرز کو موقع ملتا تھا،جب کراچی کے کھلاڑی ٹیم میں ہوتے تھے تو ٹیم کا پوری دنیا میں ڈنکا بجتا تھا، عامر خان نے مطالبہ کیا کہ رمیز راجہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو سکواڈ میں شامل کریں اور ملک میں کلب کرکٹ کو بحال کریں۔