پاکستان میں ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر ایئر ایمبولینس کا آغاز

حکومت نے حساس علاقوں میں 1122ائیرایمبولینس سروس کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کر دیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 19 ستمبر 2021 19:44

پاکستان میں ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر ایئر ایمبولینس کا آغاز
لاہور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 19ستمبر 2021) پاکستان میں ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر ایئر ایمبولینس کا آغاز ،حکومت نے حساس علاقوں میں 1122ائیرایمبولینس سروس کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے کے انتہائی حساس علاقوں میں ریسکیو 1122 ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ پنجاب حکومت ریسکیو سروس کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں یومیہ ایک ہزار سے زائد حادثات پر امدادی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پنجاب کے وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار نے ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس سے متعلقہ امور جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایئر ایمبولینس کے آغاز سے ریسکیو سروسز کو نئی شناخت ملے گی، پنجاب خطے میں ایئر ایمبولینس شروع کرنے والا پہلا صوبہ ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں ریسکیو سروسز کی بہتری کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں، پنجاب کی ریسکیو 1122 سروسز کی خدمات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس کا اجرا وقت کا تقاضا ہے، ہر انسانی جان قیمتی ہے اور بَروقت علاج معالجہ ہر فرد کا حق ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ریسکیو ایئر ایمبولینس کے اجراء کے لیے فوری ضروری اقدامات کئے جائیں۔