پاکستانی عوام کی کرکٹ سے محبت کو کوئی سازش ختم نہیں کر سکتی‘فیاض الحسن چوہان

پاکستان کی عالمی سطح پر پذیرائی کچھ پاکستان دشمن ملکوں کو ہضم نہیں ہو رہی‘ صوبائی وزیر جیل خانہ جات

منگل 21 ستمبر 2021 22:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) وزیرِ جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ماضی قریب میں کامیابی سے بین الاقوامی کھلاڑیوں اور ٹیموں کی میزبانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں برٹش ہائی کمشنر اور دونوں ٹیموں کے سیکیورٹی کنسلٹنٹس نے بھی ہمارے سیکیورٹی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ انگلینڈ میں نیوزی لینڈ ٹیم کو سکیورٹی تھریٹ موصول ہونے کے باوجود انگلینڈ نیوزی لینڈ خواتین کرکٹ ٹیموں کا میچ کینسل نہ ہونا ان کے پاکستان کے لیے دہرے معیار کا ثبوت ہے۔ 2008 میں تاج ہوٹل ممبئی پر حملوں کے وقت انگلینڈ کرکٹ ٹیم اس وقت بھارت میں موجود تھی۔

(جاری ہے)

انگلینڈ نے حملوں کے تھوڑے عرصے بعد اپنی ٹیم دوبارہ بھارت ٹیسٹ سیریز کے لیے بھارت بھیجی۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم کرونا خطرات کے باوجود نیوزی لینڈ گئی اور دو ہفتے قرنطینہ کیا۔ ہماری کرکٹ ٹیم نے کرونا کے دوران دو دفعہ انگلینڈ کا دورہ کر کے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو فائدہ پہنچایا، لیکن آج پاکستان کی عالمی سطح پر پذیرائی کچھ پاکستان دشمن ملکوں کو ہضم نہیں ہو رہی۔ ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب کے تمام اراکین اسمبلی 9 نومبر کو گورنر ہاس میں اس عالمی سازش کے خلاف کرکٹ ٹاکرہ میں اکٹھے ہونگے۔ پاکستانی عوام کی کرکٹ سے محبت کو کوئی سازش ختم نہیں کر سکتی۔