ہفتہ صفائی 27ستمبر سے 4اکتوبر تک منایا جائے گا ‘ڈپٹی کمشنر ضلع باغ

باغ شہر کو 8زونز میں تقسیم کر دیا گیا ہے زونز کے درمیان مقابلہ ہو گا جس کی بہترین کارکردگی ہو گی اس زون کے ذمہ داران کو تعریفی اسناد دی جائینگی

جمعہ 24 ستمبر 2021 16:53

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن و ڈپٹی کمشنر باغ محمد صابر مغل نے کہا ہے کہ ہفتہ صفائی 27ستمبر سے 4اکتوبر تک منایا جائے گا باغ شہر کو 8زونز میں تقسیم کر دیا گیا ہے زونز کے درمیان مقابلہ ہو گا جس کی بہترین کارکردگی ہو گی اس زون کے ذمہ داران کو تعریفی اسناد دی جائیں گی، شہر سے کچرا، گندگی، شاپنگ بیگ کا صفایا اور سیوریج لائنوں کو بھی کھولا جائے گا، انتظامیہ، تاجران، شہریان، صحافیان، علمائے کرام، سکولوں اور کالجز کے طلباء اور سول سو سائٹی کے تعاون سے باغ شہر کو ریاست کے لیے ماڈل شہر بنانے جا رہے ہیں، ہفتہ صفائی کے حوالے سے آگاہی مہم شروع ہو چکی شہر کے اندر واک کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے، تمام مکاتب فکر انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کیساتھ تعاون کریں تا کہ قدرتی حسن سے مالا مال باغ شہر کو مزید نکھارا جا سکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کارپوریشن ہال میں صحافیوں کو ہفتہ صفائی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ ایس پی باغ زاہد مرزا، میونسپل کارپوریشن باغ کے چیف آفیسر سردار امتیاز چغتائی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سردار محمد پرویز خان، مجسٹریٹ بلدیہ سردار سرفراز بیگ، سیکرٹری بلدیہ سردار ظفر خان و دیگر بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر باغ نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کی ہدایت پر پورے آزاد کشمیر کیطرح ضلع باغ کو بھی خوبصورت، صاف ستھرا اور گندگی سے پاک شہر بنانے کے لیے 27ستمبر سے ہفتہ صفائی منایا جائے گا جس کے پہلے مرحلے میں شہر سے صفائی مہم کا آغاز کیا جائے گاباغ شہر کے اندر 8زونز میں صفائی کرنے کے لیے تمام حکمت عملی طے کر دی گئی ہے جس میں تمام زونز میں سپر وائزر ز کا تعین کر دیا گیا ہے زونز کو گاڑیاں مہیا کر دی گئی ہیں سنیٹری ورکز کو سیفٹی کٹس اور صفائی کے لیے تمام تر اوزار دیئے جائیں گے، دوسرے مرحلے میں دیہی علاقوں اور صحت افزائ مقامات پر بھی صفائی مہم شروع کی جائے گی جو چھ ماہ تک جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ باغ شہر کی تمام بند نالیاں کھولنے،شاپنگ بیگز کو ٹھکانے لگانے، پلاسٹک بوتلز کو تلف کرنے سمیت دیگر گندگی کو اٹھا کر ایک مخصوص جگہ پر لے جایا جائے گا جہاں پر تمام تر گندگی سائنسی بنیادوں پر تلف کی جائے گی تاکہ فضائی آلودگی پیدا نہ ہو، انہوں نے کہا کہ جہاں پر انتظامیہ ہفتہ صفائی میں اپنا کردار ادا کرے گی وہاں پر دیگر مکاتب فکر بھی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کیساتھ تعاون کریں باغ شہر او ر پورے ضلع باغ کو ہم سب نے ملکر صاف ستھرا بنانا ہے، ہم نے تہیہ کر رکھا ہے کہ باغ کو ریاست کے لیے ایک ماڈل ضلع بنائیں گے جس کی تقلید ہو گی اس ٹارگٹ کو پورا کرنے کے لیے ہمیں صحافیوں، شہریوں، تاجروں، علمائے کرام، طلبائ ، سول سو سائٹی کے نمائندگان کے تعاون کی ضرورت ہے باغ صاف ستھرا ہو تو ہم سب کی عزت میں اضافہ ہو گا اور ما حول خوشگوار بنے گا، انہوں نے کہا کہ شہر کے اندر موجود آبادی اپنے قرب و جوار اور اپنے گھروں سے کوڑا کرکٹ صاف کر کے ایک جگہ ڈیمپ کریں جہاں پر بلدیہ کی گاڑیاں اور ورکرز پہنچ کر اسے اٹھائیں گے، انہوں نے شہریوں کے لیے ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کیے جن پر شہری اپنے قرب و جوار میں کوڑا کرکٹ اور گندگی ہونے کی اطلاع دیں گے جس پر بلدیہ فوری ایکشن لے گی، انہوں نے صحافیوں سے خصوصی طور پر عوام میں ہفتہ صفائی کے حوالے سے آگاہی کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ ہم انجمن تاجران، انجمن شہریان، علمائے کرام، طلباء ، این جی اوز اور سول سو سائٹی سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس قومی کاز میں ہمارے دست و بازو بنیں تا کہ ضلع باغ کو آزاد کشمیر کا خوبصورت ترین اور صاف ستھرا ضلع بنایا جائی-

متعلقہ عنوان :