Live Updates

پیپلز پارٹی کام کرنے کے بجائے کام بڑھا رہی ہے، خرم شیر زمان

وزیر اعظم نے سندھ حکومت کو کووڈ کا ٹیکا لگانے کا کہا تھا لیکن انہوں نے عوام کو ہمیشہ نوٹوں کا ٹیکہ لگایا ہے،رہنما تحریک انصاف

جمعہ 24 ستمبر 2021 22:00

پیپلز پارٹی کام کرنے کے بجائے کام بڑھا رہی ہے، خرم شیر زمان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کام کرنے کے بجائے کام بڑھا رہی ہے۔ صوبہ سندھ کا وزیر اعلیٰ کہتا ہے کہ ہمیں ہیلتھ کارڈ کی ضرورت نہیں ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کو صوبہ سندھ کے مسائل کا اداک ہے اور وہ سندھ کی عوام کے لئے بہت فکر مند ہیں۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ اراکین سندھ اسمبلی جمال صدیقی، شہزاد قریشی اور دیگر بھی موجود تھے۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے ایک نوٹیفکیشن نکالا ہے جس میں کہا گیا کہ جس کسی کی جیب میں ویکسی نیشن کا کارڈ موجود نہیں ہوگا اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔یہ صوبے کے چیف مینیجر نے عوام کو لوٹنے کا نیا طریقہ نکالا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے لئے پولیس کو عوام کے پیچھے لگا رہی ہے۔

سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ ہم وزیر اعظم عمران خان کے بے حد مشکور ہیں جن کی بدولت سندھ کے ہر شہر اور ضلعے میں عوام کو فری ویکسین لگائی گئیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے سندھ حکومت کو کووڈ کا ٹیکا لگانے کا کہا تھا لیکن انہوں نے عوام کو ہمیشہ نوٹوں کا ٹیکہ لگایا ہے۔ سندھ میں معاملات خراب سے خراب تر ہوتے جارہے ہیں، ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ سندھ کے معاملات پر نوٹس لیں۔

چیف جسٹس گزشتہ دنوں کراچی تشریف لائے اور بہت سارے مسائل پر انہوں نے نوٹسز لئے لیکن اب ان پر ایکشن لینے کا وقت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز کراچی ہونے والی بارش نے سندھ حکومت اور سلیکٹڈ ایڈمنسٹریٹر کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔ بارش کے باعث شہر کے بیشتر علاقے پانی میں ڈوب گئے تھے۔بلاول کہتے ہیں کہ زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے لیکن اس بار سندھ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے شہر میں بارش کم ہوئی لیکن پانی زیادہ آیا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی وفاق پر ملبہ ڈالنے کے بجائے اپنی کارکردگی پر غور کریں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات