حکومت نے ملکی تاریخ کی مہنگی ترین چینی درآمد کرلی

تمام اخراجات ملاکر یوٹیلیٹی اسٹورز کو چینی تقریباً123 روپے کلو میں پڑے گی، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 26 ستمبر 2021 21:13

حکومت نے ملکی تاریخ کی مہنگی ترین چینی درآمد کرلی
کراچی (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 26ستمبر 2021) حکومت نے ملکی تاریخ کی مہنگی ترین چینی درآمد کرلی، تمام اخراجات ملاکر یوٹیلیٹی اسٹورز کو چینی تقریباً123 روپے کلو میں پڑے گی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے ملکی تاریخ کی مہنگی ترین چینی درآمد کرلی۔نجی ٹی وی کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے درآمد کی گئی 28 ہزار 760 میٹرک ٹن چینی کی کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے، ٹی سی پی کو درآمدی چینی پورٹ پر 109روپے 90 پیسے فی کلو میں پڑی ہے جب کہ گزشتہ ایک لاکھ ٹن چینی کی لینڈڈ کاسٹ 89.26 روپے فی کلو پڑی تھی، اسی طرح تمام اخراجات ملاکر یوٹیلیٹی اسٹورز کو چینی تقریبا 123 روپے کلو میں پڑے گی۔

حکومت نے ملک میں تیار ہونے والی چینی کے ایکس مل ریٹ 84 روپے 75 فی کلو گرام مقرر کئے ہیں، اس طرح درآمدی چینی سرکاری ایکس مل ریٹ سے 25.15 روپے فی کلو مہنگی پڑی جب کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو سرکاری ریٹیل قیمت سے چینی تقریباً 33.25 روپے کلو مہنگی پڑے گی۔

(جاری ہے)

حکومتی فیصلے کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر درآمدی چینی 85 روپے فی کلو میں فروخت کی جائے گی اور قیمت خرید اور فروخت کا فرق سبسڈی سے پورا کیا جائے گا۔

دوسری طرف وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہاہے کہ چار کروڑ لوگوں کو مہنگی اشیائے خوردونوش پر کیش سبسڈی دیں گے، آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا، اشیاء کی اضافی قیمتوں کابوجھ حکومت اٹھائے گی، تیل کی قیمتیں بڑھنے اور گاڑیوں کی درآمد سے ڈالر مہنگا ہوا ہے ۔اس حوالے سے فیض اللہ کموکا کی زیرصدارت قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اشیائے خودونوش کی قیمتوں اور عوام کو مہنگائی میں ریلیف دینے سے متعلق کمیٹی کو آگاہ کیا گیا ، اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق نے بھی ٹیکس وصولیوں سے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس میں وزیرخزانہ شوکت ترین نے بتایا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا، سی پی آئی 9 سے گر نیچے 8 فیصد پر آگئی ہے، گھی کی عالمی قیمتوں میں 50 فیصد فرق آیا جس کو ہم نے 30 فیصد پر رکھا، گندم کی قیمتوں میں بھی ساڑھے 13 فیصد اضافہ ہوا۔