Live Updates

عمران خان نے اپنی لازوال جدوجہد سے (ن) ،پی پی کی سیاست کو دفن کر دیا ‘ ہمایوں اختر خان

پیر 27 ستمبر 2021 15:39

عمران خان نے اپنی لازوال جدوجہد سے (ن) ،پی پی کی سیاست کو دفن کر دیا ‘ ..
ؒلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی لازوال جدوجہد سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی سیاست کو دفن کر دیا ہے ، 2023ء کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف زیادہ اکثریت سے دوبارہ حکومت بنائے گی ، مسلم لیگ (ن) کے رہنماملک کی باگ ڈور سنبھالنے کے خواب دیکھنے کی بجائے پہلے اپنی جماعت کے مسائل سلجھا لیں،دنیا میں جو اہمیت رکھنے والی آوازیں ہیں وہ افغانستان کے معاملے پر پاکستان کے مثبت کردار کو سرا رہی ہیں ،پاکستانی معیشت کو لا حق چیلنجزکو دور کرنے کیلئے ڈھانچہ جاتی تبدیلیاں نا گزیر ہیں اورحکومت مشکلات کے باوجود اس طر ف پیشرفت کر رہی ہے ۔

اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی سیاست مفادات کی فریکونسی کے مطابق چلتی ہے اسی لئے اس میں تقسیم درتقسیم ہے ، پیپلز پارٹی کے بعداب مسلم لیگ (ن) کابھی کوئی سیاسی مستقبل نہیں اور انشا اللہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف دوبارہ حکومت بنائے گی اور پہلے سے زیادہ اکثریت حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان سے بغض رکھنے والے ایسا ظاہر کرنا چاہتے ہیں کہ افغانستان کے معاملے میں پاکستان کا کردا ر شاید ولن والا ہے لیکن ایسا ہرگز نہیںہے ،دنیا میں اہمیت رکھنے والی اور متوازن آوازیں پاکستان کے مثبت کردار کو سرا رہی ہیں اس لئے ہمیں بغض رکھنے والوں کے پراپیگنڈے کی کوئی پرواہ نہیں ۔

انہوںنے کہا کہ بتایا جائے یہاں پرکون سی حکومت آئی ہے جس کے دور میں بیرونی اور اندرونی قرضے کم ہوئے ہیں۔ موجودہ حکومت کو کورونا وباء کی لہروں کا سب سے بڑاچیلنج درپیش رہا لیکن اس کے باوجود ہم نے معیشت کو سنبھالا دیا اور دنیا ہمارے اقدامات کی معترف ہے ۔ قرضوں سے چھٹکارا حاصل کرنے اور معیشت کو لا حق چیلنجز کو دور کرنے کے لئے ڈھانچہ جاتی تبدیلیاں نا گزیر ہیں اور وزیر اعظم عمران خان نے اپنی سیاست کو پس پشت ڈالتے ہوئے غیرمعمولی فیصلے کئے جن کے مثبت نتائج بھی برآمد ہوئے ہیں ، انشا اللہ صورتحال میں بتدریج بہتری آئے گی ،عوام آگاہ ہیں کہ تحریک انصاف کو کن حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالنی پڑی ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت قومی معاملات میں مشاورت اور اتفاق رائے کی قائل ہے ، چیئرمین نیب کے معاملے پرقائد حزب اختلاف سے مشاورت کا ذکر ہے لیکن نیب کیسز کی وجہ سے شہباز شریف کی پوزیشن پر اخلاقی طو رپر سوال اٹھتا ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات