وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان کر دیا

پیر 27 ستمبر 2021 19:36

اسلام آباد۔27ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2021ء) :وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان کر دیا، نتائج میں کامیابی کا تناسب 99.89 فیصد رہا۔ امتحانات میں مجموعی طور پر 81 ہزار 988 طلباء نے حصہ لیا جس میں سے 80 ہزار 282 طلباء کامیاب قرار پائے۔ پیر کو اعلان کئے جانے والے نتائج کے مطابق امتحانات میں 70 ہزار 79 ریگولر طلباء نے حصہ لیا جس میں سے 69 ہزار 503 طلباء نے کامیابی حاصل کی۔

کامیابی کا تناسب 99.97 فیصد رہا جبکہ 11 ہزار 909 پرائیویٹ طلباء میں سے 10 ہزار 779 طلباء کامیاب ہوئے۔ کامیابی کا تناسب 99.36 فیصد رہا۔ نتائج کی تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر وفاقی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین قیصر عالم، مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان اور پوزیشن ہولڈرز طلباء اور ان کے والدین کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔

(جاری ہے)

امتحانات میں فیل ہونے والے طلباء کو بھی 33 نمبر دے کر پاس کر دیا گیا۔ انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے سالانہ امتحانات 2021ء میں ہیومینٹی گروپ میں کوٹھر کالج فار ویمن ایچ ایٹ کی طالبہ سیّدہ امت الزہرہ نے 1051 نمبر کے ساتھ پہلی، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول قائدآباد سکردو کی طالبہ سیّدہ نوشین زہرہ نے 1044 کے ساتھ دوسری جبکہ پوسٹ گریجویٹ کالج فار ویمن واہ کینٹ کی طالبہ صباہت بی بی  نے 1041 کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پری میڈیکل گروپ میں ملٹری کالج جہلم کے عمر مقصود نے 1098، آرمی پبلک سکول شاہراہ سٹیڈیم راولپنڈی کے عذیر عرفان نے 1098 جبکہ فائونڈیشن ہائیر سیکنڈری سکول راولاکوٹ کی ماہین خالد نے 1098 نمبروں کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پری انجینئرنگ گروپ میں آرمی پبلک سکول گوجرانوالہ کینٹ کے غفران احمد طالب نے 1090 نمبروں کے ساتھ پہلی، پنجاب کالج آف سائنس فضل حق روڈ اسلام آباد کے محمد مرسلین نے 1089، ایچ سی سی ایس ایجوکیشن سسٹم راولپنڈی کینٹ کے محمد حارث 1089 اور ہارورڈ کالج آف کامرس پشاور روڈ کی مصباح جویریہ نے 1089 نمبروں کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔

جنرل سائنس گروپ میں آرمی پبلک سکول فورتھ روڈ راولپنڈی کینٹ کے محمد حماس شاہد نے 1094 نمبروں کے ساتھ پہلی، پنجاب کالج آف کامرس پشاور روڈ راولپنڈی کی رافیعہ اشرف نے 1087 نمبروں کے ساتھ دوسری اور آرمی پبلک سکول سرگودہا کینٹ کے محمد عذیر، ایف جی ڈگری کالج فار ویمن عابد مجید روڈ راولپنڈی کی سوما مقبول اور فضائیہ کالج فار ویمن سرور روڈ لاہور کینٹ کی مومنہ امجد نے مشترکہ طور پر 1083 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کامرس گروپ میں پنجاب کالج اٹک ریفائنری روڈ راولپنڈی کی ارفع عمران نے 1084 نمبروں کے ساتھ پہلی، پنجاب کالج اٹک ریفائنری روڈ راولپنڈی کی لائبہ اسلم نے 1076 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ سپریئر کالج اسلام آباد سواں کیمپ کی اقرا یونس نے 1074 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ وفاقی تعلیمی بورڈ نے نتائج اپنی ویب سائٹ پر جاری دیئے جبکہ جن طلباء کے فون نمبر داخلہ فارم پر موجود تھے انہیں ایس ایم ایس پر بھی نتائج جاری کر دیئے گئے ہیں۔

وفاقی تعلیمی بورڈ کے ترجمان کے مطابق طلباء اپنا رول نمبر 5050 پر ایس ایم ایس کرکے بھی نتیجہ معلوم کر سکتے ہیں۔ وفاقی تعلیمی بورڈ نے کہا ہے کہ اگر کسی سابق طالب علم کو 6 اکتوبر تک نتیجہ موصول نہ ہو تو وہ کنٹرولر ایگزامینیشن سے رابطہ کرے۔