بحرین کو بجٹ خسارے کا سامنا ، آمدنی بڑھانے کیلئے ٹیکس میں اضافے کی تیاریاں

شہریوں کو دی جانے والی اجرت میں بھی کمی کا امکان ، ویلیو ایڈڈ ٹیکس 5 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد کیا جاسکتا ہے

Sajid Ali ساجد علی منگل 28 ستمبر 2021 11:09

بحرین کو بجٹ خسارے کا سامنا ، آمدنی بڑھانے کیلئے ٹیکس میں اضافے کی تیاریاں
منامہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 ستمبر 2021ء ) خلیجی مملکت بحرین نے بجٹ خسارے کے باعث آمدنی بڑھانے کیلئے ٹیکس میں اضافے کی تیاریاں شروع کردیں ، شہریوں کو دی جانے والی اجرت میں بھی کمی کا امکان ہے جب کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس 5 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد کیا جاسکتا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق بحرین کا بجٹ خسارہ تیل کی کم قیمتوں کے بعد رواں سال آدھا رہ جائے گا اور عالمی وباء کورونا وائرس نے اس خسارے کو 2020ء میں ریکارڈ 18 فیصد معاشی پیداوار تک پہنچا دیا ، جس کے باعث بحرین کی حکومت نے جنوی 2019ء سے رائج 5 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کو اب دوگنا کر کے 10 فیصد کیے جانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ، اس ضمن میں یہ اطلاع بحرینی ذرائع ابلاغ نے ایک رپورٹ میں دی ، جس میں بتایا گیا ہے کہ معیشت کو تقویت دینے کے لیے مملکت کے قانون سازوں نے شہریوں کو دی جانے والی اجرت میں کمی اور سماجی بہبود کے حوالے سے اختیارات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف تعلقات معمول پر آنے کے بعد اسرائیل کے کسی وزیر کے پہلے دورہ بحرین کی تیاریاں شروع کردیں ، اسرائیل کے وزیر خارجہ رواں ماہ کے دوران بحرین کا دورہ کریں گے ، اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لیپیڈ نے کہا ہے کہ وہ اسی ماہ کے دوران خلیجی ملک بحرین کا دورہ کریں گے ، دورے کا پروگرام امریکی وزیرخارجہ انتونی بلنکن سمیت کثیر فریقی ٹیلی فونک رابطے کے دوران طے پایا ہے ، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات معمول پر آنے کے بعد اسرائیل کے کسی بھی وزیر کا یہ پہلا دورہ بحرین ہوگا۔

ادھربحرین نے اسرائیل کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ، بحرین کی قومی ایئر لائن گلف ایئر نے کہا کہ وہ 30 ستمبر سے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرے گی اور ہفتہ وار 2 پروازیں چلائی جائیں گی ، ایئرلائن کی نئی منزل کے آغاز کا اعلان بحرین اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کے اعلان اور ان کے درمیان سیاسی ، تجارتی اور شہری ہوا بازی کے معاہدوں کے بعد ہوا ہے۔