سعودی عرب نے بھی کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے کا اعلان کردیا

مملکت میں 60 سال سے زائدعمر کے افراد کو تقویت کے طور پر کوویڈ 19 ویکسین کی تیسری خوراک لگائی جائے گی

Sajid Ali ساجد علی منگل 28 ستمبر 2021 11:38

سعودی عرب نے بھی کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے کا اعلان کردیا
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 ستمبر 2021ء ) سعودی عرب نے بھی کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے کا اعلان کردیا ، سعودی وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے کہا ہے کہ مملکت میں 60 سال سے زائدعمر کے افراد کو تقویت کے طور پر کوویڈ 19 ویکسین کی تیسری خوراک لگائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وباء آخری مراحل میں ہے ، تمام شہری اور غیر ملکی مکین کورونا کی منظورشدہ ویکسینوں میں سے کسی ایک کی دونوں خوراکیں جلد از جلد لگوائیں۔

بتایا گیا ہے کہ مملکت میں ویکسین لگانے کا عمل دسمبر 2020ء کے دوسرے ہفتے میں شروع کیا گیا جس کے بعد سے اب تک 587 ویکسی نیشن سنٹرز کے ذریعے ویکسین کی 4 کروڑ 14 لاکھ سے زائد خوراکیں لگائی جاچکی ہیں ، سعودی وزارت صحت نے تاکید کی ہے کہ جن مقامی اور تارکین افراد نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی، وہ پہلی فرصت میں رجسٹریشن کروا کر ویکسین لگوائیں اور خود کو محفوظ بنا لیں ، ملکت میں مقیم تمام مقامی اور غیر ملکی افراد کو مفت ویکسین لگائی جا رہی ہے ، جلد مملکت کی تمام آبادی کی ویکسی نیشن مکمل کر لی جائے گی۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں ، بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن اور سخت پابندیوں کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آر ہے ہیں اور سعودی عرب کرونا وائرس کیخلاف جنگ میں بہترین کارکردگی سے پوری دنیا کیلئے مثال بن گیا، کیوں کہ مملکت میں مارچ 2020 کے بعد پہلی مرتبہ 50 سے کم کورونا کیسز رپورٹ ہوئے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مملکت میں صرف 39 کورونا کیسز سامنے آئے ۔

وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مملکت میں کورونا کیسز کی مجموعی گنتی 5 لاکھ46 ہزار882 ہو چکی ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس موذی مرض کی وجہ سے مزید 6 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 8,694 تک جا پہنچی ہیں جب کہ اس دوران 50کورونا مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے اور مملکت میں اب تک کی صحت یابیاں 5,35,892 ریکارڈ ہوئی ہیں۔