پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کی جانب سے 3اکتوبر وفاقی حکومت کے خلاف ریلی نکالی جائیگی

بدھ 29 ستمبر 2021 21:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2021ء) وزیر اطلاعات و محنت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سندھ میں وفاق کی جانب سے پانی کی تقسیم میں ناانصافی، گیس اور بجلی کے بدترین بحران، موجودہ نالائق، نااہل اور سلیکٹیڈ حکومت کی جانب سے معیشت کی تباہی، مہنگائی، بیروزگاری سمیت دیگر کے خلاف پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت 3 اکتوبر بروز اتوار کو سہ پہر 2,00 بجے، پیپلز سیکرٹریٹ نزد مزار قائد تا پارکنگ پلازہ صدر تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔

اجلاس میں سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کراچی میں جلسہ عام سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کا اجلاس سعید غنی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ وقار مہدی، جنرل سیکرٹری کراچی ڈویژن جاوید ناگوری، عابد ستی، ذوالفقار قائمخانی، نجمی عالم ، امان اللہ محسود، محمد آصف خان، شکیل چوہدری کے علاوہ تمام ڈسٹرکٹ کے صدور، جنرل سیکرٹری، پیپلز یوتھ، پیپلز اسٹوڈنٹس، وومن ونگ، پیپلز لائرز کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

اجلاس کے آغاز میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو، شہید بیگم نصرت بھٹو سمیت تمام شہداء کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں سندھ میں پانی کے بحران اور موجودہ نالائق، نااہل اور سلیکٹیڈ حکومت کی جانب سے سندھ کے ساتھ کی جانے والی ناانصافیوں، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ، مہنگائی، بیروزگاری اور ملکی معیشت کی تناہی کی ذمہ دار وفاقی حکومت کے خلاف بھرپور احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا گیا۔

یہ ریلی اتوار 3 اکتوبر کو سہ پہر 2,00 بجے، پیپلز سیکرٹریٹ (نزد مزار قائد) تا پارکنگ پلازہ (صدر) تک نکالی جائے گی۔ اس احتجاجی ریلی میں صوبائی اور کراچی کی قیادت کے علاوہ تمام ڈسٹرکٹ کے عہدداران اور کارکنان شرکت کریں گے۔ اجلاس میں سانحہ 18 اکتوبر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت جلسہ عام کی تیاریوں کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس جلسہ کے حوالے سے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کی گئی۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تمام ڈسٹرکٹ کے ذمہ داران اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی پر زور دیا گیا۔