نیشنل ٹی ٹونٹی کپ، فخر زمان زخمی ہونے کے باعث 2 میچز سے باہر

پیسر محمد حسنین کا بائونسر ہاتھ پر لگنے سے زخمی ہوئے، فزیو کا 5 دن آرام کا مشورہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 1 اکتوبر 2021 14:56

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ، فخر زمان زخمی ہونے کے باعث 2 میچز سے باہر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم اکتوبر 2021ء )  پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان جاری قومی ٹی 20 کپ کے میچ نمبر 12 کے دوران انگوٹھے کی انجری کا شکار ہوئے۔ سندھ کے خلاف 151 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے فخر نے خیبر پختونخوا کے لیے اننگز کا شاندار آغاز کیا۔ انہوں نے 32 گیندوں پر 49 رنز کی میچ وننگ اننگ کھیلی جس میں 4 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ اپنی شاندار اننگز کے لیے مین آف دی میچ وصول کرتے ہوئے فخر اپنے بائیں انگوٹھے پر پٹی باندھ کر ایوارڈ وصول کرنے آئے۔

(جاری ہے)

بعد میں یہ انکشاف ہوا کہ فخر زمان محمد حسنین کا ایک بائونسر ہاتھ پر لگنے کے باعث زخمی ہوگئے تھے ۔ میچ کے اختتام پر فزیوز نے انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا اور خبردار کیا کہ اگر انہوں نے کھیلنا جاری رکھا تو چوٹ وقت پر ٹھیک نہیں ہو سکے گی۔ فخرزمان کو 5 دن کے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے اور وہ اگلے دو میچز میں خیبرپختونخوا کے لیے ان ایکشن نہیں ہوں گے۔ یہ خیبر پختونخوا کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے لیکن فخر کی فٹنس انتہائی اہم ہے کیوں کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ رواں ماہ یو اے ای میں شروع ہورہا ہے۔