سائٹ کراچی صنعتی ایریامیں گیس پریشر صفر، پیداواری سرگرمیاںرک گئیں،صنعتکار سراپا احتجاج

صنعتیں چلانا ناممکن ہوگیا،برآمدی آرڈرز کی تکمیل بھی خطرے میں پڑ گئی، صدر سائٹ ایسوسی ایشن سوئی سدرن کوہنگامی بنیادوں پرصنعتوں کو مطلوبہ پریشر کے ساتھ گیس فراہمی کی ہدایت کی جائے، عبدالرشید

جمعہ 15 اکتوبر 2021 15:47

سائٹ کراچی صنعتی ایریامیں گیس پریشر صفر، پیداواری سرگرمیاںرک گئیں،صنعتکار ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالرشید نے کراچی کے سب سے بڑے صنعتی ایریا سائٹ میں صنعتوں کوطلب کے مطابق گیس کی فراہمی نہ ہونے اور گیس پریشر مسلسل صفر ہونے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صنعتوں کو تباہی سے بچانے کے لیے ایس سی جی سی کو ہدایت جاری کی جائے کہ وہ سائٹ ایریا کی صنعتوں کو مطلوبہ پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ پیداواری عمل بلارکاوٹ جاری رکھا جاسکے اور برآمدی آرڈرز بغیر کسی رکاوٹ مکمل کرکے بروقت شپمنٹ ممکن ہوسکے۔

ایک بیان میں سائٹ کے صدر نے کہا کہ گیس پریشر صفر ہونے سے صنعتیں چلانا ناممکن ہو گیا ہے بلکہ پیداوار رک گئی ہے اور وقت پر برآمدی آرڈرز کی تکمیل بھی ممکن نہیں رہا ۔

(جاری ہے)

کراچی کے دیگر صنعتی علاقوں کی نسبت سائٹ صنعتی ایریا کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ اگر صنعتوں کو مطلوبہ پریشر کے ساتھ گیس فراہم نہیں کی گئی تو پیداواری سرگرمیاں معطل ہونے کی صورت میں برآمدی آرڈرز منسوخ ہونے کا خطرہ ہے جس سے ملک کی مجموعی برآمدات اور معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے جبکہ غیر ملکی خریداروں کا پاکستانی برآمدکنندگان پر اعتمار متاثر ہوگااورخدشہ ہے کہ پاکستان نئے برآمدی آرڈرز سے ہاتھ دھو بیٹھ سکتا ہے نیز بے روزگاری کا سیلاب آجائے گا۔

عبدالرشید نے اس امر پر مایوسی کا اظہار کیا کہ حکومت کی جانب سے گیس نرخ میں اضافے اور تمام تر وعدوں کے باوجود گیس پریشر صفر ہونا انتہائی تشویشناک ہے جو زرمبادلہ کمانے والے برآمدی شعبے کو سہولیات دینے کے حکومتی دعوے کی نفی کرتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دیگر تمام شعبوں کے مقابلے میں صنعتوں کو اولین ترجیح دی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی صنعتوں کو ہنگامی بنیادوں پر مطلوبہ پریشر کے ساتھ گیس فراہم کرے تاکہ صنعتوں کا پیداواری عمل بلارکاوٹ جاری رکھا جاسکے اور برآمدی آرڈرز کی بروقت ترسیل ممکن ہوسکے۔