وفاقی حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا

پیٹرول کی قیمت میں 10روپے 49پیسے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 16 اکتوبر 2021 09:58

وفاقی حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اکتوبر 2021ء) : حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 سے12روپے تک کا ہوشربا اضافہ کردیا، عالمی مارکیٹ میں 85 ڈالر فی بیرل تک قیمتیں بڑھ جانے پر اضافہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مہنگائی کی ستائی ہوئی عوام پر حکومت نے پیٹرول بم گرا دیا۔ وفاقی وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں میں 9 روپے سے 12روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، حکم نامہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔ وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12روپے 44پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت134روپے48پیسےمقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں10روپے95پیسے کا اضافہ کے بعد نئی قیمت 110روپے 26پیسے ہوگئی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں8روپے84پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت108روپے35 پیسے ہوگئی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 16 اکتوبر یعنی آج سے ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں اس وقت تیل کی قیمت تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔عالمی مارکیٹ میں 85ڈالرفی بیرل تک قیمتیں بڑھ جانے پر اضافہ کیا گیا، عالمی مارکیٹ میں اکتوبر 2018ء کے بعد تیل کی یہ زیادہ سے زیادہ قیمت ہے۔

دوسری جانب خام تیل کی عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عالمی معیشت کیلئے ہلچل مچا دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی طلب میں اضافے اور پیدوار میں کمی کے باعث برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت 3 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ 3 سالوں کے دوران پہلی مرتبہ برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت 85 ڈالر کی سطح کو چھو گئی۔ اس وقت برینٹ کروڈ آئل 85 ڈالر فی بیرل کی قیمت پر ٹریڈ کر رہا۔ ماہرین کے مطابق کرونا وائرس کے باعث تباہی کا شکار ہونے والی عالمی معیشت اب دوبارہ سے تیزی پکڑ رہی ہے۔