Live Updates

پاکستان بار کونسل کا ملک میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کا اعلان

موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے‘ مہنگائی پر کنٹرول نہ پایا گیا تو بار کونسلز حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گی۔ پاکستان بار کونسل کا اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 17 اکتوبر 2021 13:14

پاکستان بار کونسل کا ملک میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 اکتوبر 2021ء ) پاکستان بار کونسل نے ملک میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا ، حکومت کی جانب سے مہنگائی کے خلاف اقدامات نہ کرنے کی صورت میں احتجاج کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بار کونسل کی طرف سے ملک میں بڑھتی مہنگائی پر اظہار تشویش کیا گیا ہے ، اس حوالے سے پاکستان بار کونسل سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے اشیاء ضروریہ کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دور کر دی ہیں ، موجودہ حکومت کی پالیسیوں کیوجہ سے مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے ، پاکستان کی آدھی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے ، اس صورتحال میں حکومت کی عوام کش پالیسیوں سے مہنگائی عروج پر ہے ، مہنگائی پر کنٹرول نہ پایا گیا تو بار کونسلز حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گی۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے پاکستان مسلم لیگ ن بھی ملک میں ہوشربا مہنگائی کیخلاف احتجاج کا اعلان کرچکی ہے، ن لیگی قیادت نے صوبائی تنظیموں کو مہنگائی پر احتجاج کی ہدایت جاری کردی ہیں،سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا کہ سوموار کو اپوزیشن جماعتیں قومی اسمبلی میں احتجاج کریں گی، بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے اس سے عوام پر مہنگائی کا بدترین طوفان نازل ہوگا۔

سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے صوبائی تنظیموں کو مہنگائی پہ عوامی احتجاج کی ہدایت کر دی ہے ، سوموار کو اپوزیشن جماعتوں سے ملکر قومی اسمبلی میں احتجاج کیا جائے گا ، حکومت نے اپنی ناکامیوں اور نا اہلیوں کا بوجھ غریب عوام پہ ڈال دیا ہے ، بجلی، پٹرول اور ڈیزل میں ہوش ربا اضافہ فی الفور واپس لیا جائے اس سے عوام پر مہنگائی کا بدترین طوفان نازل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ کے دوران کہا تھا حکومت جھوٹے اعدادوشمار دکھا رہی ہے اس کے بعد منی بجٹ کی بھرمار آئے گا ، پاکستان کو عمران حکومت نے 3 سالوں میں معاشی تباہی سے دوچار کر دیا ہے ، عمران نیازی حکومت معیشت کی اتنی تباہی کر چکی ہے کہ معیشت کی بحالی کا عمل دن بدن مشکل سے مشکل ہوتا جا رہا ہے ، آئندہ آنے والی حکومت کے لئے ملک چلانا بہت بڑی آزمائش اور امتحان ثابت ہوگا ، 2018 کی سطح پہ آنے کے لئے بھی کئی برس لگیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات