ولادت باسعادت پر جتنی خوشیاں منائی جائیں کم ہیں،قادربخش کلمتی

جمعرات 21 اکتوبر 2021 23:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما قادر بخش کلمتی نے کراچی ملیر میں مفتی اعظم سندھ صاحبزادہ مفتی محمد جان نعیمی کی قیادت میں نکلنے والے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس میں شرکت کی۔عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کے موقع پر قادر بخش کلمتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملیر سے ہر سال مفتی اعظم سندھ صاحبزادہ مفتی محمد جان نعیمی اور صاحبزادہ مفتی نذیر احمد جان نعیمی کی قیادت میں تاریخی جلوس عید میلادالنبی ﷺنکالا جاتا ہے جس میں شریک ہو کر خود دنیا کا خوش نصیبانسان محسوس کرتا ہوں، آج کے دن تمام عالم اسلام کو جشن عید میلاد النبی ﷺ کی مبارک باد پیش کرتا ہوں آج کا دن ہمارے پیارے آقا حضور رحمت للعالمین کی ولادت کا دن ہے اس دن جتنی خوشیاں منائی جائیں کم ہیں، رسول خداﷺ جب دنیا میں تشریف لائے تو جہالت اور اندھیروں کا خاتمہ ہوا، اورہر طرف نورہی نور چھا گیا ہمارے پاس وہ الفاظ اور اختیار نہیںکہ ہم سرور کونین کی شان بیان کر سکیں، اللہ پاک نے خود اپنے پیارے نبی کا ذکر بلند کردیا ہے جو کہ تا قیامت جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج ہم کراچی کے ضلع ملیر سے مفتی محمد جان نعیمی کی قیادت میں نکلنے والے عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس میں شریک ہیں، جس میں ہزاروں فرزندان اسلام شریک ہیں، آج کا دن تمام امت مسلمہ کے لیے پیغام ہے کہ اپنے پیارے نبیﷺ کی سیرت طیبہ پر عمل کریں اور آپس میں محبت اتحاد قائم کریں، حجتہ الوداع کے موقع پر حضور رحمت للعالمین ﷺنے جو خطبہ دیا وہی ہمارے لیے مشعل راہ ہے جو تعلیمات رسول خدا نے بیان کی وہ صرف اس وقت صحابہ کرام کے ساتھ تاقیامت آنے والے تمام مسلمانوں کے لئے حکم ہے ،رسول اللہ کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر غریبوں یتیموں مساکین کا خیال رکھیں، اپنے محلے میں رہنے والوں سے حسن اخلاق سے پیش آئیں، دین اسلام سب سے زیادہ سرور کونین رحمت اللعالمین کی حسن اخلاق کی وجہ سے تیزی سے پھیلا ،آپ کا حسن اخلاق اور کردار تاقیامت کامیاب زندگی گزارنے کے لئے ایک بہترین نمونہ ہے،دین اسلام امن سلامتی کا دین ہے اللہ پاک ہم سب کو اپنے محبوب ﷺ کی سیرت طیبہ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔