کمشنر مظفرآباد ڈویژن کی زیرصدارت انتظامی کمیٹی کا جائزہ اجلاس ،آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے 74 ویں یوم تاسیس کوشاندارانداز میں منانے کے حوالہ سے غور

جمعرات 21 اکتوبر 2021 19:01

مظفرآباد۔21اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2021ء) :کمشنر مظفرآباد ڈویڑن مسعود الرحمان کی زیرصدارت آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے 74 ویں یوم تاسیس کوشاندارانداز میںمنانے کے حوالہ سے انتظامی کمیٹی کا جائزہ اجلاس پریڈ گراؤنڈ ہائی کورٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس مظفرآباد ریجن طاہر محمود قریشی، ڈی پی آئی سکولز (زنانہ)، ڈائریکٹر انتظامیہ جموں وکشمیر لبریشن سیل / سیکرٹری قومی تقریبات کمیٹی،ڈائریکٹر پروٹوکول محکمہ سروسز،سپرنٹنڈنگ انجینئر عمارات (نارتھ)، ڈپٹی کمشنر / ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن مظفرآباد، سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس مظفرآباد اورسپرنٹنڈنٹ پولیس (ریزرو) نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پریڈ گراؤنڈ کو مہمانان کی نشستوں کیلئے مجموعی طور پر 10انکلویژرز میں تقسیم کیا جائے گا اور مہمانان گرامی کے استقبال اور نشست برخاست کیلئے پروٹوکول آفیسرز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

پریڈ ایونیو پر آنے والے مہمانوں کیلئے جامع ٹریفک پلان تشکیل بھی دیا گیا ہے۔ااس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمان نے کہا کہ شرکا ء تقریب کے تقدس اور حفاظتی انتظامات کو ملحوظ رکھتے ہوئے بہرصورت ٹریفک پلان کی پابندی کریں۔

حفاظتی نقطہ نظر سے موبائل فون ہمراہ نہ لائیں۔ تمام مہمانان کیلئے نشستیں مختص کردی گئی ہیں اور شرکاء کو دعوت نامے بھی جاری کیئے کئے گئے ہیں۔کمشنر مظفرآباد نے کہا کہ تقریب میں شامل ہونے والے مہمانان دعوتی کارڈ ہمراہ لائیں۔ تقریب میں تشریف لانے والے مہمان صبح 07:45 سے 08:30کے درمیان بہرصورت پریڈ ایونیو پہنچ جائیں جس کے بعد دروازے بند کر دیئے جائیں گے۔ تقریب کے مقام کو پاکستان اور آزادکشمیر کے جھنڈوں سے سجایا جارہا ہے۔ تقریب میں پولیس کے دستے، بوائز سکاوٹس، گرلز گائیڈ اور ریسکیو 1122 سلامی دیں گے۔ اس موقع پر ٹورازم پولیس کے دستے بھی سلامی دیں گے۔ اجلاس کے اختتام پر پریڈ کی ریرسل بھی کی گئی ۔