2018-19میں کل بیس لاکھ بتیس ہزار ملازمتیں پیدا ہوئیں، قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات

رواں مالی سال کے صرف 3 ماہ 18 دن کے دوران ڈالر کے مقابلے میں 8.8 روپے کمی ہوئی، وزارت خزانہ

جمعہ 22 اکتوبر 2021 15:19

2018-19میں کل بیس لاکھ بتیس ہزار ملازمتیں پیدا ہوئیں، قومی اسمبلی میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2021ء) قومی اسمبلی کو بتایاگیا ہے کہ 2018-19میں کل بیس لاکھ بتیس ہزار ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دور ان وزارت منصوبہ بندی نے بتایاکہ جولائی 2020میں کورونا کی وجہ سے دوکروڑ چھ لاکھ لوگ بیروزگار ہوئے، اگست 2020کے دوران ایک کروڑ اسی لاکھ لوگوں نے دوبارہ کام شروع کردیا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت تجارت نے کہاکہ ازبکستان کے تجارتی دورے پر ہوٹل ہوائی ٹکٹ کے اخراجات خود تاجروں نے ادا کئے ، تجارتی دورے کے دوران پچاس ملین ڈالر کے معاہدے ہوئے ہیں، سپیشل فلائٹ اس لئے لے جانا پڑی کہ کورونا کی وجہ سے عام فلائٹس نہیں چل رہی تھیں ۔ پارلیمانی سیکرٹری تجارت عالیہ حمزہ ملک نے کہاکہ ماضی کی طرح اب یہ نہیں ہوتا کہ پورا ٹبر سرکاری خرچ پر تجارتی دوروں پر چلا جائے۔

وزارت خزانہ نے تحریری جواب میں بتایا کہ رواں مالی سال کے صرف 3 ماہ 18 دن کے دوران ڈالر کے مقابلے میں 8.8 روپے کمی ہوئی،وزارت خزانہ نے کہاکہ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران دو ارب انتیس کروڑ ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ریکارڈ ہوا۔وزارت خزانہ کے مطابق گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ تراسی کروڑ اسی لاکھ ڈالر سے سرپلس رہا۔