لاہور میں جاری احتجاج کے مظاہرین سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل

کمیٹی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے تشکیل دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 اکتوبر 2021 17:02

لاہور میں جاری احتجاج کے مظاہرین سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اکتوبر 2021ء) : صوبائی دارالحکومت لاہور میں جاری احتجاج اور اس کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر پنجاب حکومت نے مظاہرین سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے احتجاج کے مظاہرین سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے مطابق کمیٹی میں راجہ بشارت، چوہدری ظہیر الدین شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ حضور پاک ﷺ کی سنت کے مطابق ملک میں امن و امان کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے تشکیل دی جانے والی کمیٹی مظاہرین سے مذاکرات کرے گی۔ واضح رہے کہ آج صبح صوبائی دارالحکومت لاہور سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد تک ممکنہ مارچ اور احتجاج سے نمٹنے کے لیے راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ جاری کیا گیا تھا جب کہ مری روڈ سمیت اہم شاہراہوں کو کنٹرینرز اور رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نماز جمعہ کے بعد لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کیا گیا جبکہ اسلام آباد جانے والے راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاروں کے ذریعے سیل کر دیاگیا ہے۔علاوہ ازیں لاہور کے داخلی و خارجی راستے بھی کنٹینر لگا کر بند کر دئے گئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی کی مختلف سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم ٹریفک پولیس نے مسافروں کو متبادل راستوں سے متعلق اہم ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایکسپریس چوک سے ڈی چوک تک ٹریفک کے لیے دونوں اطراف بند ہیں۔ نادرا چوک اور ایوب چوک ریڈ زون جانے اورآنےکے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان سفر کے لیے نائتھ ایونیو استعمال کریں۔ فیض الاسلام اسٹاپ، مری روڈ پر سڑک ٹریفک کے دونوں اطراف سے بند ہے۔ اسلام آباد سے مری روڈ راولپنڈی جانے والی ٹریفک کو اسلام آباد ہائی وے پر موڑ دیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائی وے سے آئی جے پی روڈ تک سوہان اسٹاپ پر ٹریفک کے لیے ڈائیورشن ہے۔

شہری متبادل طور پر فیصل ایونیو استعمال کریں۔ مری روڈکو مریڑ چوک سے فیض آباد تک کنٹینر لگا کربند کر دیا گیا ہے۔ مری روڈ پر کسی طرف سے بھی ٹریفک داخل نہیں ہوسکے گی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق نائنتھ ایونیو سے راولپنڈی جانے والی ٹریفک کو آئی جے پی روڈ کی طرف ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ اسلام آباد جانے کے لیے پشاور روڈ اور آئی جے پی روڈ کے راستے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ اولڈ ائیر پورٹ روڈ اور مال روڈ تمام ٹریفک کے لیے کھلی ہیں۔ ہائی کورٹ چوک، کچہری اور مال روڈ پر ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے۔