وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے لیے مشکل کھڑی ہوگئی

الیکشن کمیشن نے توہین عدالت آرڈی ننس کے تحت الزامات کا جواب طلب کرلیا ‘ فواد چوہدری سے الیکشن ایکٹ کی متعلقہ شقوں کے تحت جواب طلب کیا جائے گا۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 اکتوبر 2021 13:11

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے لیے مشکل کھڑی ہوگئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 اکتوبر 2021ء ) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے لیے مشکل کھڑی ہوگئی ، الیکشن کمیشن نے توہین عدالت آرڈی ننس کے تحت الزامات کا جواب طلب کرلیا ، فواد چوہدری سے الیکشن ایکٹ کی متعلقہ شقوں کے تحت جواب طلب کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان اور چیف الیکشن کمشنر پر الزامات کے حوالے سے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کو طلب کیا گیا ہے جس کے لیے الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو نوٹس جاری کیا ہے ، الیکشن کمیشن سے جاری شدہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری 27 اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہوں، ان سے توہین عدالت آرڈیننس کے تحت الزامات کا جواب طلب کیا جائے گا۔

واضح رہے14 ستمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزراء فواد چودھری اور اعظم سواتی سے الزامات کے ثبوت مانگنے کا فیصلہ کیا، اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سلطان راجہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء فواد چودھری اور اعظم سواتی کے الزامات کا جائزہ لیا گیا، وفاقی وزراء فواد چودھری اور اعظم سواتی نے چیف الیکشن کمشنر پر کرپشن اور ن لیگ کی جانبداری کا الزامات عائد کیا تھا، جس پرچیف الیکشن کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔

(جاری ہے)

اعلامیہ الیکشن کمیشن میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے وفاقی وزراء فواد چودھری اور اعظم سواتی کے الزامات مسترد کردیے ہیں، الیکشن کمیشن نے فوادچودھری اور اعظم سواتی کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ، نوٹس کے ذریعے وفاقی وزراء فواد چودھری اور اعظم سواتی سے الزامات پر ثبوت مانگے جائیں گے ، دونوں وزراء اگر الزامات ثابت نہ کرسکے تو کاروائی کی جائے گی، الیکشن کمیشن نے دونوں وزراء کی پریس کانفرنس کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔