پنجاب حکومت کا ویکسینیٹڈ افراد کو بڑی رعایتیں دینے کا فیصلہ

ویکسینیٹڈ افراد کو کھانے پینے کی مختلف اشیاء اور ٹرانسپورٹ پرخصوصی رعایت دی جائےگی، سکولوں میں طلباء کو چیزوں پر ڈسکاؤنٹ اور بچوں کو تحائف دیئے جائیں گے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 26 اکتوبر 2021 19:42

پنجاب حکومت کا ویکسینیٹڈ افراد کو بڑی رعایتیں دینے کا فیصلہ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اکتوبر2021ء) پنجاب حکومت نے ویکسینیٹڈ افراد کو بڑی رعایتیں دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، ویکسینیٹڈ افراد کو کھانے پینے کی مختلف اشیاء اور ٹرانسپورٹ پر خصوصی رعایت دی جائے گی، سکولوں میں طلباء کو چیزوں پر ڈسکاؤنٹ اور بچوں کو تحائف دیئے جائیں گے۔ ذرائع سٹی فورٹی ٹو کے مطابق پنجاب حکومت نے کورونا ویکسی نیشن کرانے والوں کو مختلف چیزوں میں ریلیف فراہم کرنے اور  بڑی رعایتیں دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ویکسینیٹڈ افراد کو کھانے کی مختلف اشیاء، ٹرانسپورٹ ، اوبر اور کریم پر خصوصی رعایتیں دی جائیں گی اسی طرح سکولوں میں طلباء کو چیزوں پر ڈسکاؤنٹ اور ویکسی نیٹڈ بچوں کو تحائف دیئے جائیں گے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملتان میں ٹینک چوک پر کورونا ویکسی نیشن موبائل سینٹر کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے کورونا ویکسی نیشن کے لیے گھر گھر مہم لانچ کردی ہے اور روزانہ 10 لاکھ افراد کی کورونا ویکسی نیشن کا ٹارگٹ مقرر کیا ہے۔

(جاری ہے)

18 ہزار موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، دسمبر تک 8 کروڑ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔ اپنے پیاروں کو وباء سے محفوظ بنانے کے لئے کورونا ویکسی نیشن کرائیں۔ شہری کورونا ویکسی نیشن مہم کامیاب بنانے میں حکومت سے تعاون کریں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جلد بہاولپور اور ملتان کا تفصیلی دورہ کرکے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی کا جائزہ لوں گا۔

کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے افسران کی کمی پوری کررہے ہیں۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل اختیارات دیئے گئے ہیں۔ رول آف بزنس کی ترمیم اور منظوری حکومت کا کارنامہ ہے۔ مرحلہ وار تمام محکمے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منتقل کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گھر گھر کورونا ویکسی نیشن مہم RED کا باقاعدہ افتتاح کیا اور موبائل ویکسی نیشن سینٹر پر کورونا ویکسی نیشن کے عمل کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ویکسی نیشن کیلئے آنے والی خواتین سے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ویکسی نیشن موبائل سینٹر کے باہر میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع ملتان میں ٹارگٹ کا 54 فیصد حاصل کر لیا ہے اور دسمبر تک سوفیصد ویکسی نیشن کریں گے۔