Live Updates

حکومت کے متنازع قوانین کیخلاف احتجاج اور عدالت سے رجوع کریں گے،شہبازشریف

حکومت متنازع قوانین لاکراگلا الیکشن چوری کرنا چاہتی ہے، عمران نیازی این آراو لینا چاہتا ہے،نیب آرڈیننس کو ہرصورت روکیں گے۔ صدرن لیگ قائدحزب اختلاف کا اپوزیشن رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 9 نومبر 2021 20:49

حکومت کے متنازع قوانین کیخلاف احتجاج اور عدالت سے رجوع کریں گے،شہبازشریف
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 نومبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کے متنازع قوانین کیخلاف احتجاج اور عدالت سے رجوع کریں گے، حکومت متنازع قوانین لاکراگلا الیکشن چوری کرنا چاہتی ہے، عمران نیازی این آراو لینا چاہتا ہے،نیب آرڈیننس کو ہرصورت روکیں گے۔ ذرائع ہم نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی زیرصدارت اپوزیشن جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی و سینیٹ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں بلاول بھٹو، خواجہ آصف،  ایاز صادق، شیری رحمان ، امیر حیدر ہوتی، مولانا عبدالغفور حیدری، اسعد محمود ، طاہر بزنجو، عمر فاروق، سردار شفیق ترین و دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن میں حکومت کیخلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر مشاورت کی گئی۔

(جاری ہے)

قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا کہ حکومت کو ایوان میں جتنی شرمندگی آج ہوئی اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئی، حکومت کو آج قومی اسمبلی میں شکست ہوئی، آنے والے دنوں میں اپوزیشن مزید فعال اور فیصلہ کن کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

متنازع قوانین لاکر اگلا الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، عمران نیازی این آر او لینا چاہتا ہے، نیب آرڈیننس کو ہر صورت روکیں گے اور عدالتوں میں بھی جائیں گے،حکومت کے متنازع قوانین کیخلاف احتجاج اور عدالت سے رجوع کرینگے۔ اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے شکرگزار ہیں آپ ہم سے رابطہ کرتے ہیں، اپوزیشن شہبازشریف کی قیادت میں متحد ہے، مشترکہ اجلاس میں پیپلزپارٹی مکمل تعاون کرے گی، ہمارے تمام اراکین مشترکہ اجلاس میں شریک ہوں گے، بےروزگاری اور مہنگائی عوام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات