محمد رضوان سال میں 1000 ٹی ٹونٹی رنز مکمل کرنیوالے پہلے بلے باز بن گئے

18 سالوں میں آج تک دنیا کا کوئی دوسرا بلے باز یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 11 نومبر 2021 20:02

محمد رضوان سال میں 1000 ٹی ٹونٹی رنز مکمل کرنیوالے پہلے بلے باز بن گئے
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 نومبر 2021ء ) قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک سال میں 1000 رنز مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئےہیں ۔ پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر نے اس سال 20 اننگز کھیلیں اور ایک ہزار رنز مکمل کیے۔ محمد رضوان کے علاوہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم رواں سال اب تک 826 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں ۔

دبئی میں کھیلے جارہے ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو بابراعظم نے سٹارک کو باؤنڈری لگا کر کھاتا کھولا اور پھر اگلے اوور میں جوش ہیزل وُڈ کو بھی چوکا لگایا۔ محمد رضوان کو اننگز کی ابتدا میں ہی نئی زندگی ملی اور گلین میکسویل کی گیند پر ڈیوڈ وارنر ان کا کیچ نہ لے سکے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے پاور پلے میں 47 رنز بنائے جو ان کا رواں ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کے خلاف پاور پلے میں کیا گیا سب سے بہترین سکور ہے۔ اوپنرز نے پاکستان کو 71رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی سکور پر ایڈم زامپا کو چھکا مارنے کی کوشش میں بابر کی 39رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی، ان کی اننگز میں 5 چوکے شامل تھے۔ پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ آسٹریلیا نے بھی گزشتہ میچ کی فاتح الیون برقرار رکھی ہے۔

پاکستان کی ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے جس نے اپنے ابتدائی میچ میں روایتی حریف بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ، افغانستان، نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کو مات دے کر لگاتار پانچ فتوحات کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم روایتی حریف انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے باوجود چار فتوحات حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم بابراعظم (کپتان)، فخر زمان، محمد رضوان، شعیب ملک، حارث رؤف، محمد حفیظ، شاہین شاہ، حسن علی، عماد وسیم، آصف علی، شاداب خان پر مشتمل ہے جب کہ آسٹریلیا کی ٹیم میں ایرون فنچ(کپتان)، اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر، گلین میکسویل، میتھیو ویڈ، مچل مارش، مارکس اسٹوئنس، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، ایڈم زامپا اور جوش ہیزل وُڈ شامل ہیں۔