ہفتے میں تین وقت گیس دینے کی خبر غلط ہے

حکومت کوشش کر رہی ہے کہ اس سال ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے لے لیے گیس کی فراہمی یقینی بنائے جائے۔ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 12 نومبر 2021 15:57

ہفتے میں تین وقت گیس دینے کی خبر غلط ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 نومبر 2021ء) : وزیر توانائی حماد اظہر نے ایوان میں پوچھے گئے گیس کی قلت سے متعلق سوال ’انڈ فرائی ہو جائے گا‘ پر ہاں کہہ کر گیس کی فراہمی کی یقین دہانی کرا دی۔ وزیر توانائی حماد اظہر نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ اس سال ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے لے لیے گیس کی فراہمی یقینی بنائے جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہفتے میں تین وقت گیس دینے کی خبر غلط ہے۔اس سال گھریلو صارفین کو دن میں تین وقت کھانا پکانے کے لیے گیس دستیاب ہو گی۔وزیرتوانائی نے مزید کہا کہ پائپ لائنز کی بحالی کر رہے ہیں۔روس کے ساتھ گیس کا معاہدہ جلد مکمل کریں گے۔گیس کی قیمت 2019 سے نہیں بڑھی۔حماد اظہر نے کہاکہ ہفتے میں تین دن گیس فراہمی کی اگر خبر ہے تو درست نہیں،روس کے ساتھ گیس پائپ لائن کے حوالے معاملات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ روس کا ایک وفد چند قبل پاکستان سے واپس گیا ہے،مذاکرات کے نئے دور کیلئے دو سے تین روز میں روس کا وفد دوبارہ آئے گا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ایل این جی پی ایل ایل بورڈ کے زریعے خریدا جاتا ہے،ایک یا دو کارگوزکی خریداری پی ایس او بورڈ کے زریعے ہوتی ہے۔ وزیر توانائی نے کہاکہ بورڈ کی منظوری کے بغیر کوئی خریداری نہیں ہوتی ،پورے کا پورا پروسس شفاف انداز میں ایک بورڈ کے زریعے طے پاتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ نومبر اور دسمبر کیلیے 11 اور کارگوز لئے ہیں۔قبل ازیں بتایا گیا کہ حکومت ملک میں گیس کی قلت کو کم کرنے کے لیے دسمبر سے مارچ کے دوران ''مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی کم سے کم فراہمی'' کے ساتھ رہائشی سیکٹر کو دن میں صرف تین مرتبہ گیس فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کر رہی ہے۔ یہ 22-2021ء کے موسم سرما کے لیے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کا ہی حصہ ہے جو وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی (سی سی او ای) کو پیش کیا گیا۔

اجلاس کو وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) نے بتایا کہ رہائشی شعبے کو گیس صرف کھانا پکانے کے لیے دن میں تین بار فراہم کی جائے گی، گھریلو صارفین کے لیے آر ایل این جی ڈائیورژن کو سسٹم کے آپریشنل استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے کم سے کم رکھا جائے گا۔ وزارت توانائی کی جانب سے آئندہ مہینوں بالخصوص جنوری ، فروری اور مارچ میں ایل این جی کی کم دستیابی کی اطلاع دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ قومی پائپ لائن نیٹ ورک سے باہر بجلی اور کھاد کے شعبوں کے لیے وقف صارفین کو گیس کی فراہمی کسی غیر متوقع صورتحال کے بغیر مستحکم رہنے کی اُمید ہے۔ اس کیٹیگری میں طلب و رسد میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی اور یہ ایک ہزار 61 اور ایک ہزار 200 ایم ایم سی ایف ڈی کے درمیان رہے گی۔ پائپ لائن نیٹ ورک میں ایس این جی پی ایل (سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ) سسٹم سے منسلک پاور پلانٹس کو آر ایل این جی گذشتہ برس کے موسم سرما کی اصل کھپت کے مطابق 5 فیصد زیادہ سپلائی کے ساتھ فراہم کی جائے گی اور کسی بھی خسارے کو فرنس آئل کے ذریعے پورا کیا جائے گا۔

ایس ایس جی سی ایل (سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ) اور ایس این جی پی ایل دونوں سسٹمز پر فرٹیلائزر پلانٹس کے بلات عطل کام کرنے کی بھی اُمید ہے۔