دبئی میں عینک چرانے والا ایشیائی باشندہ پکڑا گیا ‘ عدالت نے سزا سنادی

فوجداری عدالت نے 28 سالہ ایشیائی کو دکان سے 1,380 درہم مالیت کا چشمہ چرانے کے جرم میں ایک ماہ قید کی سزا سنائی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 12 نومبر 2021 17:20

دبئی میں عینک چرانے والا ایشیائی باشندہ پکڑا گیا ‘ عدالت نے سزا سنادی
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 نومبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں عینک چرانے کے جرم میں ایشیائی باشندے کو قید کی سزا سنادی گئی ، دبئی کی ایک فوجداری عدالت نے 28 سالہ ایشیائی کو دبئی میں دکان سے 1,380 درہم مالیت کا چشمہ چرانے کے جرم میں ایک ماہ قید کی سزا سنائی ہے ۔ اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق مجرم نے عینک اس وقت چرائی جب دکان کا سیلز مین دوسرے گاہکوں کی خدمت میں مصروف تھا ، یہ واقعہ اگست 2020ء میں پیش آیا، جب ایک سیلز پرسن کو پتہ چلا کہ وہ جس اسٹور پر کام کرتا ہے وہاں سے چشموں کا ایک جوڑا چوری ہو گیا ہے۔

سیلز پرسن نے پولیس میں ایک رپورٹ درج کرائی جس میں کہا گیا کہ ایشیائی نژاد ایک شخص نے عینک اس وقت چرا لی جب وہ دوسرے صارفین سے ملاقات کر رہا تھا ، دبئی پولیس نے ملزم کی شناخت اور اسے گرفتار کرنے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کا استعمال کیا ، اس نے پوچھ گچھ پر اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں دبئی کی فوجداری عدالت نے 3 خواتین کو ایک آئی ٹی ماہر کو مساج کی پیشکش کرکے اپنی جانب راغب کرکے اپنے اپارٹمنٹ بلانے کے بعد لوٹنے اور اس پر حملہ کرنے کے الزام میں 3 سال قید کی سزا سنائی ہے ، ان پر 2 لاکھ 84 پزار درہم جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، جس کے بعد ملک بدر کردیا جائے گا جب کہ عدالت نے ایک خاتون کو بری کر دیا ، جو واقعہ کے وقت اپارٹمنٹ میں موجود تھی۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق یہ کیس نومبر 2020ء کا ہے ، جب متاثرہ نے توسل کے ذریعے مساج کے لیے ایک مساج سینٹر سے رابطہ کیا ، متاثرہ شخص مالک سے رابطہ کرنے کے بعد ایک مساج سنٹر پہنچا لیکن بتائے گئے مقام پر پہنچ کر اس کا سامنا 4 خواتین سے ہوا جنہوں نے جنہوں نے پہلے تو یہ پوچھا کہ وہ کتنی نقدی لے کر جا رہے ہیں؟ جیسے ہی اس نے 200 درہم نکالے تو ان میں سے ایک نے اس کا پرس اور فون چھین لیا ، اس سے فون کو غیر مقفل کرنے کے لیے اس کا پاس کوڈ مانگا، اس شخص پر خواتین میں سے ایک نے اس وقت حملہ کیا جب اس نے اپنا پاس کوڈ شیئر کرنے سے انکار کیا ، اسے تھپڑ مارا گیا اور دھمکی دی گئی جب کہ دوسری عورت نے اس کے گلے پر چاقو رکھ کر اسے فون ان لاک کرنے پر مجبور کیا۔

متاثرہ شخص نے تفتیش کے دوران نے بتایا کہ افریقی خواتین نے اسے اپنے بینکنگ لین دین کے لیے ایک ایپ کھولنے پر مجبور کیا اور اس کے اکاؤنٹ سے 25 ہزار درہم مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کر دیے ، خواتین میں سے ایک نے اس کا بینک کارڈ چرا لیا اور 4 لاکھ 39 ہزار درہم پر مشتمل اس کے اکاؤنٹ سے مزید 30 ہزار درہم نکال لیے جب کہ خواتین نے اس کا فون بھی چرا لیا اور اگلے دن اسے چھوڑ دیا جس کے بعد اس شخص نے معاملے کی اطلاع اپنے بینک اور پولیس کو دی، جس کے بعد اسے پولیس نے مجرموں کی شناخت کے لیے طلب کیا۔