چودھری پرویزالٰہی نے حکومتی اتحاد سے متعلق فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا،کامل علی آغا

پوری پارٹی نے پرویزالٰہی کو واضح کہا کہ حکومت کے ساتھ مزید چلنا مشکل ہے، کیونکہ عوام کا مزید سامنا نہیں کر سکتے، حکومت کے ساتھ مزید چلنےکا فیصلہ میرے علم میں نہیں۔ مرکزی رہنماء مسلم لیگ (ق) کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 15 نومبر 2021 21:12

چودھری پرویزالٰہی نے حکومتی اتحاد سے متعلق فی الحال کوئی فیصلہ نہیں ..
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 نومبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کامل علی آغا نے کہا ہے کہ چودھری پرویز الٰہی نے حکومتی اتحاد سے متعلق فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا، پوری پارٹی نے پرویز الٰہی کو واضح کہا کہ حکومت کے ساتھ مزید چلنا مشکل ہے، کیونکہ عوام کا مزیدسامنا نہیں کرسکتے،حکومت کے ساتھ مزید چلنے کا فیصلہ میرے علم میں نہیں۔

انہوں نے نجی ٹی وی آج نیوز کے پروگرام میں عاصمہ شیرازی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے علم میں ایسا کوئی فیصلہ نہیں آیا کہ فیصلہ ہوگیا ہے، جب بھی کوئی فیصلہ ہوگا تو میرے علم میں ضرور آئے گا، مین یقین سے ہیں کہہ سکتا کہ وزیراعظم کے ساتھ ابھی تک کوئی میٹنگ ہوئی ہے یا نہیں، رات تک سارے تحفظات چودھری پرویز الٰہی کے سامنے رکھے، سارے ممبران بڑی شدت کے ساتھ عوام کی پریشانی کا اظہار کررہے تھے، سب نے کہا اب حکومت کے ساتھ نہیں چلنا چاہیے۔

(جاری ہے)

حکومت کو اگر کوئی فیصلہ کرنا ہے تو ہم سے مشاورت کرے۔ایک سوال ”آج مونس الٰہی وزیراعظم سے ملاقات میں کہا کہ ہمارے تمام تحفظات دور ہوگئے ہیں، حکومت بدھ کو اجلاس بلا نے جارہی ہے“ کے جواب میں کامل علی آغا نے کہا کہ دیکھیں یہ بات اتنی آسان نہیں ہے، میں نہیں سمجھتا کہ چودھری پرویز الٰہی کو پارٹی نے فیصلے کا اختیار دیا تھا لیکن چودھری پرویزالٰہی سے قبل میرے سمیت کوئی بھی فیصلہ سنا نے کا اختیار نہیں رکھتا۔

اگر میڈیا رپورٹ کررہا ہے تو میٹنگ ضرورہوئی ہوگی لیکن اگر چودھری پرویز الٰہی نے حکومت کے ساتھ چلنے کا فیصلہ تو مجھے وہ ضرور آگاہ کریں گے، کیونکہ پوری پارٹی نے چودھری پرویز الٰہی کو بڑا واضح کہا کہ اب حکومت کے ساتھ اس لیے چلنا مشکل ہوگیا ہے کہ عوام کی مشکل بڑھتی جا رہی ہے اور اب ہم عوام کا سامنا نہیں کرسکتے، لہذا اس کی تائید کرنا میرے لیے قبل ازوقت ہوگا۔اگر فواد چودھری نے یہ بات کی ہے تووہ پہلے بھی کئی باتیں کی ہیں، بات کرکے وہ اپنی بات پر پہرہ بھی نہیں دیتے۔